اسحاق ڈار کی برطانوی قومی سلامتی مشیر سے ملاقات، خطے کی سیکیورٹی اور پاک برطانیہ تعاون پر تبادلہ خیال

جمعہ 28 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سے ملاقات کی، جس میں جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افغانستان سمیت اہم علاقائی و عالمی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے اپنے سرکاری دورہ برطانیہ کے دوران لندن میں برطانوی قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن پاول سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی سلامتی سے متعلق اہم پیش رفت پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔

ملاقات میں جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افغانستان کی صورتحال خصوصی طور پر زیر بحث آئی، جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار نے علاقائی امن و سلامتی کے فروغ میں پاکستان کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور مسائل کے بات چیت کے ذریعے حل کے لیے مسلسل سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

دونوں جانب سے علاقائی سلامتی کی صورتحال پر قریبی مشاورت جاری رکھنے اور انسداد دہشتگردی، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے سمیت باہمی سلامتی کے مفاد سے متعلق دیگر شعبوں میں پاک برطانیہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:اسحاق ڈار اور اسٹیفن ڈاؤٹی کی لندن میں اہم بیٹھک، قیام امن کے لیے سفارتکاری تیز کرنے پر اتفاق

ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب جنوبی ایشیا، افغانستان اور مشرق وسطیٰ میں سلامتی کی صورتحال مسلسل عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے اور پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی ذرائع سے تنازعات کے حل کے لیے اپنے رابطے جاری رکھے ہوئے ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp