ہوشیار خبردار ! ملک میں عیدالاضحیٰ سے قبل کانگو وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ

ہفتہ 10 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عیدالاضحیٰ سے قبل مویشیوں کی ملک گیر نقل و حمل ہوتی ہے اور انسانوں کا جانوروں سے میل جول بڑھ جاتا ہے۔ عید کے دنوں میں کانگو وائرس کے پھیلائو کا خدشہ ہوتا ہے۔ خریدار پوری آستین والے کپڑے پہن کر مویشی منڈی جائیں اور واپسی پر فوراً نہا کر نئے کپڑے پہنیں، بچوں کو مویشی منڈی لے جانے سے گریز کیا جائے۔

قومی ادارہ صحت کے ماہرین کا کانگو وائرس کے بارے میں تیار کردہ ہدایت نامہ متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ہدایت نامے کا مقصد شہریوں اور طبی ماہرین کو کانگو وائرس کے بارے میں معلومات فراہم کرنا اور محتاط کرنا ہے۔

ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے بروقت اقدامات ناگزیر ہیں، بروقت حفاظتی اقدامات سے ہی کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنا ممکن ہے، متعلقہ ادارے کانگو وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں، کانگو بخار خطرناک نیرو نامی وائرس سے لاحق ہوتا ہے۔

کانگو وائرس کیا ہے؟

کانگو وائرس مویشی کی کھال سے چپکے چیچڑ میں پایا جاتا ہے۔ گائے، بکری، بھیڑوں اور پالتو جانوروں کی جلد کانگو وائرس (چیچڑ) کی پناہ گاہ ہے۔ کانگو وائرس چیچڑ کے ذریعے ایک سے دوسری جگہ منتقل ہوتا ہے، متاثرہ چیچڑ کے کاٹنے سے کانگو وائرس انسان کو منتقل ہوتا ہے۔

وائرس انسانوں میں کانگو بخار کا سبب بنتا ہے

چیچڑ میں پایا جانے والا نیرو وائرس انسانوں کو کانگو بخار لاحق ہونے کا سبب بنتا ہے۔ کانگو وائرس سے انسان ہیموریجک بخار میں مبتلا ہوتا ہے۔ کانگو بخار سے ہلاکتوں کی شرح 10 تا 40 فیصد ہو سکتی ہیں۔

بلوچستان کانگو وائرس سے زیادہ متاثر رہا ہے

ماضی میں بلوچستان کانگو وائرس سے زیادہ متاثر رہا ہے۔ ملک میں کانگو وائرس کے بیشتر کیس بلوچستان سے رپورٹ ہوتے ہیں۔ رواں برس بلوچستان میں 27 کانگو کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے 5 اموات رپورٹ ہوئیں۔

کانگو وائرس کی علامات

جانوروں میں کانگو بخار کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں۔ کانگو وائرس انسانی خون، تھوک اور فضلے میں پایا جاتا ہے۔ گلہ بان اور قصاب کانگو وائرس سے جلد متاثر ہو سکتے ہیں۔ تیز بخار، کمر، پٹھوں اور گردن میں درد یا قے کانگو کی علامات ہیں۔ متلی، گلے کی سوزش، جسم پر سرخ دھبے کانگو کی اہم علامات ہیں۔ منہ، ناک، اندرونی اعضاء سے خون بہنا کانگو کی اہم علامات ہیں۔

مویشی منڈی جانے کی احتیاط و دیگر تدابیر

جانوروں کی خریداری کے لیے پوری آستین والے کپڑے پہن کر مویشی منڈی جائیں۔ شہری مویشی منڈی سے واپسی پر فوراً نہا کر نئے کپڑے پہنیں۔ خریدار بچوں کو مویشی منڈی لے جانے سے گریز کریں۔ شہری اور قصاب قربانی کے وقت دستانوں کا استعمال کریں۔ شہری قربانی کے وقت خود کو زخمی ہونے اور جانوروں کے خون سے بچائیں، قربانی کا گوشت دھوتے وقت دستانوں کا استعمال کریں، احتیاطاً قربانی کا گوشت اچھی طرح پکا کر کھائیں۔ محکمہ لائیو سٹاک مویشی منڈی میں جانوروں پر چیچڑ مار سپرے کریں۔

کانگو وائرس کی ویکسین تاحال ایجاد نہیں ہوئی

کانگو وائرس کی باقاعدہ ویکسین تاحال ایجاد نہیں ہوئی، تاہم شہری احتیاطی تدابیر اپنا کر کانگو وائرس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ طبی عملہ کانگو کے مریض کا علاج کرتے وقت خصوصی احتیاط کرے۔ طبی ماہرین کانگو کے مصدقہ مریض کو آئیسولیشن روم میں رکھیں۔ این آئی ایچ میں کانگو وائرس کی تشخیصی سہولیات دستیاب ہیں۔ ڈاکٹرز کانگو کے مشتبہ مریض کے نمونے فوراً این آئی ایچ بھجوائیں۔ مناسب احتیاطی تدابیر اپنا کر کانگو وائرس سے بچاؤ ممکن ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp