غزہ پٹی میں جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فوج کی روزانہ کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اتوار کے روز تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے 3 افراد سمیت 5 فلسطینی شہید اور 5 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
شمالی غزہ میں واقع جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے وسط میں اسرائیلی فائرنگ سے 1 فلسطینی شہید ہوا، جس کی میت کو غزہ شہر کے الشفا اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل غزہ سے مکمل انخلا نہیں کرے گا، مستقل فوجی اڈہ قائم کریں گے، اسرائیلی وزیردفاع
وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں اسرائیلی فضائی حملے میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا۔ اس حملے کے نتیجے میں ایک میاں بیوی اور ان کا بچہ موقع پر ہی شہید ہو گئے، جبکہ خاندان کے 3 دیگر افراد شدید زخمی ہوئے۔
اس کے علاوہ گزشتہ روز شمال مغربی غزہ میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والا 1 بچہ بھی اتوار کے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
شمالی غزہ میں بحری حدود کے قریب بھی اسرائیلی فوج کی جانب سے جارحیت دیکھنے میں آئی، جہاں بحری افواج نے غزہ شہر کے ساحل کے قریب ماہی گیروں کی کشتیوں پر گولہ باری اور مشین گن سے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 1 ماہی گیر شدید زخمی ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: غزہ میں اسرائیلی حملہ، حماس کے اہم کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ، 7 فلسطینی شہید
پٹی کے شمال مغرب میں واقع السودانیہ کے ساحلی علاقے میں بھی اسرائیلی فورسز کی جانب سے داغے گئے گولے کے ٹکڑے لگنے سے ایک اور فلسطینی زخمی ہوا ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ اور جنوبی شہر خان یونس کے مشرقی حصوں میں عمارتوں اور تنصیبات کو مسمار کرنے کی کارروائیاں کیں، جس کے دوران شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور بنی سہیلہ چوک کے قریب گولہ باری بھی کی گئی۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 880 سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، جب کہ اکتوبر 2023 سے جاری اس 2 سالہ جنگ میں اب تک 72,000 سے زائد فلسطینی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔














