بھارت کے لیجنڈری اداکار انوپم کھیرںے اپنی اہلیہ اور اداکارہ کرن کھیر کے ساتھ اپنے رومانوی سفر کی ایک دلچسپ اور غیر معمولی تفصیل شیئر کی ہے، جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کے محبت نامے حتیٰ کہ ان کی گرل فرینڈ کے خطوط بھی کبھی کبھار کرن کھیر کے گھر پہنچتے رہے۔
انوپم کھیر اور کرن کھیر کی محبت کی کہانی چار دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط ہے۔ دونوں کی پہلی ملاقات تھیٹر کے دنوں میں ہوئی جب وہ چندی گڑھ کے ڈپارٹمنٹ آف انڈین تھیٹر میں زیرِ تعلیم تھے۔ اس دوران ان کے درمیان گہری دوستی قائم ہوئی تاہم وقت کے ساتھ دونوں کی زندگیاں مختلف سمتوں میں چلی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: سہیل احمد کی مزاحیہ آڈیو پر بالی ووڈ اداکار انوپم کھیر کی ویڈیو وائرل
کرن کی شادی ہوگئی جبکہ انوپم کھیر اس وقت کسی اور رشتے میں تھے۔ لیکن وقت نے آخرکار انہیں دوبارہ ایک ساتھ لا کھڑا کیا۔ حالیہ گفتگو میں انُپم کھیر نے اس کہانی کو کھل کر بیان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ کرن ان سے ایک سال سینئر تھیں اور وہ چندی گڑھ کے ڈپارٹمنٹ آف انڈین تھیٹر میں زیرِ تعلیم تھیں۔
ان کے مطابق کرن کالج میں ایک اسٹار تھیں کیونکہ وہ اپنی بہن کے ساتھ بھارت کی جانب سے ڈبلز بیڈمنٹن کھیلتی تھیں اور انگریزی ڈراموں میں بھی حصہ لیتی تھیں۔ انُپم نے اعتراف کیا کہ انہیں لگتا تھا کرن ان کی پہنچ سے بہت دور ہیں اور انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ان کے درمیان کچھ ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: انوپم کھیر کا میز پر چڑھ کر انوکھا احتجاج
انوپم کھیر اور کرن دونوں بعد میں ممبئی منتقل ہو گئے۔ اس وقت کرن کی شادی ممبئی کے بزنس مین گوتم بیری سے ہوئی تھی اور ان کے بیٹے سکندر کھیر بھی تھے۔ دوسری طرف انوپم خود بھی ایک رشتے میں تھے۔ اس دور میں انوپم اکثر کرن کے گھر جاتے تھے۔ مالی مشکلات کے باعث وہ کئی بار کرن سے ٹیکسی کے پیسے بھی مانگ لیتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہوتی گئی یہاں تک کہ ایک مرحلے پر حالات بدل گئے۔ ان کے مطابق کرن میری ایک طویل عرصے کی دوست تھیں، پھر ایک وقت آیا جب میں بریک اپ سے گزر رہا تھا اور وہ بھی اپنی شادی میں مشکلات کا سامنا کر رہی تھیں۔ اسی دوران ہماری زندگیوں میں تبدیلی آئی اور ہم قریب آ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: منموہن سنگھ کی آواز میں فون کال، انوپم کھیر نے اپنے دوست کو کیسے بیوقوف بنایا؟
انوپم نے یہ بھی بتایا کہ اس دوستی میں ایک دلچسپ پہلو یہ تھا کہ ان کے تمام خطوط حتیٰ کہ ان کی گرل فرینڈ کے محبت نامے بھی کرن کے گھر آتے تھے۔ ان کے مطابق مجھے اندازہ نہیں تھا کہ ایک دن ہم دونوں محبت میں گرفتار ہو کر شادی کر لیں گے۔
انوپم کھیر اور کرن کھیر نے 26 اگست 1985 کو شادی کی۔ 2025 میں انہوں نے اپنی 40ویں سالگرہ منائی۔ دونوں کے کوئی مشترکہ بچے نہیں ہیں تاہم انہوں نے کرن کے پہلے شوہر سے بیٹے سکندر کھیر کی پرورش کی۔














