سہ فریقی ٹی 20 سیریز: پاکستان ویمز کو اپنے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز سے 25 رنز سے شکست

ہفتہ 30 مئی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں جاری سہ فریقی ٹی20 سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز ویمن نے پاکستان ویمنز کو 25 رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری مزید مستحکم کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: چترال سے قومی ویمن ٹیم تک: سائرہ جبین کی متاثر کن کہانی

جمعے کو کھیلے گئے اپنے پہلے میچ میں پاکستان ویمنز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تاہم ویسٹ انڈیز کی بیٹرز نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 199 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز ہی بنا سکی۔

ویسٹ انڈیز کی جارحانہ بیٹنگ

ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز نے دھواں دار آغاز فراہم کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 40 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 9 چوکے شامل تھے۔ اس کے بعد اسٹیفنی ٹیلر نے 23 گیندوں پر 39 رنز بنائے جبکہ جینیلیا گلاسگو نے ناقابل شکست 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 190 سے آگے پہنچایا۔ چنیل ہنری نے بھی 17 گیندوں پر ناقابل شکست 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو اور رمین شمیم نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تاہم کپتان فاطمہ ثنا اور ڈیانا بیگ مہنگی ثابت ہوئیں۔

پاکستان کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور ابتدائی 2 اوورز میں گل فیروزہ اور منیبہ علی پویلین لوٹ گئیں۔ سائرہ جبین نے 19 گیندوں پر 30 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی تاہم وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

مزید پڑھیے: پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار کا پالتو کتا ’بو‘ چوری، مقدمہ درج

عالیہ ریاض نے 28 گیندوں پر 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 14 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن مطلوبہ رن ریٹ مسلسل بڑھتا گیا اور پاکستان مقررہ اوورز میں ہدف حاصل نہ کر سکا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے چنیل ہنری اور شاونیشا ہیکٹر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کا اگلا میچ

سہ ملکی سیریز کا اگلا میچ پاکستان ویمنز اور آئرلینڈ ویمنز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کو اگلے مقابلے میں کامیابی کے لیے اپنی ٹاپ آرڈر بیٹنگ بہتر بنانی ہوگی جبکہ ویسٹ انڈیز اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔

مختصر اسکور

ویسٹ انڈیز ویمنز: 199/6 (20 اوورز)

پاکستان ویمنز: 174/8 (20 اوورز)

نتیجہ: ویسٹ انڈیز ویمنز کی 25 رنز سے کامیابی۔

مزید پڑھیں: ورلڈ کپ 2026 سے قبل پاکستانی ویمنز کھلاڑیوں کی ٹی20 رینکنگ میں نمایاں بہتری

یاد رہے کہ سیریز کا پہلا میچ جمعرات، 22 مئی 2025 کو کھیلا گیا تھا جس میں ویسٹ انڈیز ویمنز نے میزبان آئرلینڈ ویمنز کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp