ہارورڈ سے تربیت یافتہ ماہرِ کینسر اور صحتِ عامہ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صبح ناشتے میں میٹھی اور پروسیسڈ غذاؤں کا استعمال امریکیوں سمیت دنیا بھر میں لوگوں کی ایک عام مگر خطرناک غلطی بنتا جا رہا ہے جو خون میں شوگر کی سطح بڑھانے، بھوک جلد واپس آنے اور طویل مدت میں ذیابیطس سمیت مختلف بیماریوں کے خطرات میں اضافہ کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اب بھی وقت ہے غذا اچھی طرح چبا کر کھائیں، جانیے بہتر ہاضمے کے علاوہ اس عمل کے ’بونس‘ فوائد
ماہرین کے مطابق بہت سی غذائیں جنہیں صحت بخش ناشتے کے طور پر پیش کیا جاتا ہے درحقیقت ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس اور اضافی چینی سے بھرپور ہوتی ہیں اور ان میں میٹھے سیریلز، پیک شدہ پین کیکس، وافلز، مفنز، گرینولا بارز، میٹھا دہی اور پھلوں کے جوس شامل ہوتے ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ان غذاؤں سے خون میں شوگر اچانک بڑھتی ہے اور پھر جلد کم ہو جاتی ہے جس سے انسان کو دوبارہ بھوک محسوس ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق بہتر میٹابولک صحت کے لیے ناشتے میں پروٹین، فائبر اور کم پروسیسڈ غذاؤں کو ترجیح دینا ضروری ہے۔ انڈے، سادہ یونانی دہی، بیریز، دلیہ، خشک میوہ جات اور ہول گرین ٹوسٹ بہتر انتخاب قرار دیے گئے ہیں کیونکہ یہ خون میں شوگر کو متوازن رکھنے اور دیر تک پیٹ بھرے رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
مزید پڑھیے: لیبلنگ کے اثرات: ہماری غذا ہمارے ہی خلاف کیسے کام کر رہی ہے؟
ماہرین نے فائبر کے استعمال پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جوس کے بجائے پورے پھل، میٹھے سیریلز کے بجائے جئی اور پروسیسڈ اسنیک بارز کے بجائے خشک میوہ جات بہتر متبادل ہیں۔ اس کے علاوہ بیکن، ساسیج اور دیگر پروسیسڈ گوشت کے زیادہ استعمال کو دل کی بیماریوں، کینسر اور قبل از وقت موت کے بڑھتے خطرات سے بھی جوڑا گیا ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ صرف ناشتے کی تبدیلی کافی نہیں بلکہ کھانے کے بعد مختصر چہل قدمی بھی خون میں شوگر کے بہتر کنٹرول میں مدد دیتی ہے۔ ان کے مطابق رات کے کھانے کے بعد 10 سے 20 منٹ کی واک میٹابولک صحت بہتر بنانے کے لیے نہایت مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: عمر کے مختلف مراحل میں غذائی اجزا کی اہمیت: کس عمر میں کون سی خوراک مفید ہے
انہوں نے مشورہ دیا کہ بہتر صحت کے لیے مہنگی مصنوعات یا پیچیدہ روٹین کی ضرورت نہیں بلکہ سادہ اصول جیسے زیادہ قدرتی غذائیں، زیادہ فائبر، مناسب جسمانی سرگرمی اور پروسیسڈ خوراک سے پرہیز طویل المدتی صحت کے لیے بہترین حکمت عملی ہیں۔













