انسانیت سوز واقعہ، شادی سے انکار پر خاتون کے ڈیڑھ سالہ بیٹے کا لرزہ خیر قتل

پیر 1 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع فیروز آباد میں دل دہلا دینے والے واقعے میں بچے کی ماں سے شادی کی خواہش میں سفاک شخص نے ڈیڑھ سالہ معصوم بچے کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق مقتول بچے کی شناخت آراو عرف کالو کے نام سے ہوئی ہے جو خاتون رتی اور اس کے شوہر سمیت کا ڈیڑھ سالہ بیٹا تھا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم وراج خاتون رتی سے محبت کرتا تھا اور اس سے شادی کا خواہشمند تھا۔ اہلِ خانہ کا الزام ہے کہ وہ بچے کو اپنے تعلقات کی راہ میں رکاوٹ سمجھتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ رتی اپنے والدین کے گھر سے اپنی خالہ کے گھر آئی ہوئی تھی۔ اسی دوران ملزم وہاں پہنچا اور مبینہ طور پر آراو کو ٹافی دلانے کے بہانے اپنے ساتھ لے گیا۔

تحقیقات کے مطابق ملزم نے بعد ازاں بچے پر تشدد کیا اور اسے بار بار زمین پر پٹخا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گیا۔ اہلِ خانہ فوری طور پر بچے کو قریبی اسپتال لے گئے تاہم ڈاکٹرز نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان پنجابی گلوکارہ کو اغوا کے بعد قتل کیوں کیا گیا؟ لرزہ خیز وجوہات سامنے آگئیں

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ کی جس کے جواب میں پولیس کی فائرنگ سے وہ زخمی ہو گیا اور اسے حراست میں لے لیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp