مانسہرہ تا چلاس نئی موٹروے کی منظوری، چین سے براہِ راست رابطے کا منصوبہ 2 مرحلوں میں مکمل ہوگا

منگل 2 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مانسہرہ، کاغان، ناران، جھالکنڈ اور چلاس کو ملانے والی نئی موٹروے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مانسہرہ، ناران، جھالکنڈ اور چلاس (ایم این جے سی) موٹروے منصوبہ دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں موٹروے مانسہرہ سے کاغان، ناران اور بابوسر ٹاپ تک تعمیر کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں اسے بابوسر ٹاپ سے چلاس تک توسیع دی جائے گی۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں شدید بارش، موٹروے پر مسافر گاڑیوں کا داخلہ عارضی طور پر بند

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئی موٹروے کو براہِ راست چین سے منسلک کیا جائے گا، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط کو مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ شاہراہِ قراقرم کے متبادل کے طور پر ایک محفوظ، جدید اور تیز رفتار راستہ فراہم کرے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ 172 کلومیٹر طویل اس موٹروے کی تکمیل سے شاہراہِ قراقرم کا سفر تقریباً 120 کلومیٹر تک کم ہو جائے گا، جبکہ مغربی چین کو کراچی اور گوادر بندرگاہوں سے جوڑنے میں بھی مدد ملے گی۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ منصوبہ مغربی چین سے بحیرہ عرب تک تیز ترین اور مختصر ترین زمینی راہداری ثابت ہوگا اور گوادر بندرگاہ کی پائیدار ترقی کے لیے حقیقی معنوں میں گیم چینجر کا کردار ادا کرے گا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ منصوبے میں 13.5 کلومیٹر طویل بابوسر ٹنل بھی شامل ہوگی جو تکمیل کے بعد پاکستان کی سب سے طویل سرنگ بن جائے گی۔ موٹروے ابتدائی طور پر 4 لین پر مشتمل ہوگی، تاہم مستقبل میں اسے 6 لین تک توسیع دینے کی گنجائش بھی رکھی جائے گی۔

مزید پڑھیں: پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر کارروائی، موٹروے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی

اجلاس کو بتایا گیا کہ موٹروے پر ہر 25 سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر جدید ریسٹ ایریاز قائم کیے جائیں گے، جبکہ دونوں اطراف مال برداری اور تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹرکنگ ٹرمینلز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

اجلاس میں وفاقی سیکریٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے منصوبے کی تکنیکی، مالی اور انتظامی پیشرفت سے متعلق وفاقی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp