کاروباری سرگرمیوں میں تیزی، مئی میں پاکستان میں 3,161 نئی کمپنیوں کا اندراج

منگل 2 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی کا رجحان برقرار ہے، جہاں مئی 2026 کے دوران 3,161 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) کے مطابق ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 لاکھ 97 ہزار 239 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی سرمایہ کاری کا نیا امکان، کلور پاکستان کے 23 فیصد شیئرز کی فروخت متوقع

ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نئی کمپنیوں میں سے 99 فیصد کی رجسٹریشن آن لائن کی گئی۔

صوبائی سطح پر پنجاب میں سب سے زیادہ 1,643 کمپنیوں کا اندراج ہوا، جبکہ اسلام آباد میں 596 کمپنیاں رجسٹر کی گئی ہیں۔

اسی طرح سندھ میں 479، خیبرپختونخوا میں 260، گلگت بلتستان میں 112 اور بلوچستان میں 71 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مئی کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) اور ای کامرس کا شعبہ نئی کمپنیوں کے اندراج میں سرفہرست رہا۔

مزید پڑھیں: پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں استحکام، ایک سال میں 6.5 ارب ڈالر کا اضافہ

اس شعبے میں 598 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی، اس کے بعد تجارتی شعبے میں 503 اور خدمات کے شعبے میں 404 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔

اسی طرح ریئل اسٹیٹ اور تعمیرات کے شعبے میں 303 نئی کمپنیوں کا اندراج کیا گیا، جبکہ سیاحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 206 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ریکارڈ کی گئی۔

ایس ای سی پی کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاری کی سرگرمیاں بھی مضبوط رہیں اور 17 مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں کمپنیوں کا اندراج کرایا۔

مزید پڑھیں: ای کامرس سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری، علی بابا کی کمپنی کو گرین سگنل

کمیشن کا کہنا ہے کہ ان کمپنیوں میں 89 چینی شیئر ہولڈرز نے ڈائریکٹرشپ حاصل کی۔

غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے قائم کی جانے والی کمپنیوں کا مجموعی ادا شدہ سرمایہ 13 کروڑ 94 لاکھ روپے رہا، جو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp