ناران میں سیاحوں کا غیر معمولی رش، کمرے نایاب، سیاح مہنگے اور غیر معیاری ٹین شیلٹرز میں رہنے پر مجبور

جمعرات 4 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ناران میں سیاحوں کی غیر معمولی آمد کے باعث ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز مکمل طور پر بھر جانے سے آنے والے سیاح شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

سوشل میڈیا رپورٹس کے مطابق ناران میں ان دنوں سیاحوں کا رش غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے جس کے باعث تمام ہوٹل اور گیسٹ ہاؤسز مکمل طور پر بھر چکے ہیں اور نئے آنے والے سیاحوں کو رہائش کے حصول میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

ایک سیاح کے مطابق انہیں طویل تلاش کے بعد ایک کمرہ ملا جو ٹین شیڈ (عارضی شیلٹر) پر مشتمل تھا جس کے لیے 5 ہزار روپے کرایہ ادا کرنا پڑا جبکہ ابتدائی طور پر اس کی قیمت 8 ہزار روپے طلب کی جا رہی تھی۔

سیاح نے مزید بتایا کہ شدید سرد موسم میں فراہم کیے گئے کمبل ناکافی تھے جبکہ بنیادی سہولیات خصوصاً واش روم کی عدم دستیابی نے صورتحال کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عیدالاضحی تعطیلات: خیبرپختونخوا کے سیاحتی مقامات پر ریکارڈ رش، 11 لاکھ سے زائد سیاحوں کی آمد

سیاحوں نے صورتحال کے پیش نظر دیگر افراد کو مشورہ دیا ہے کہ موجودہ حالات میں ناران کا رخ نہ کریں اور اگر سفر کرنا ہی ہو تو کشمیر، مری یا دیگر نسبتاً بہتر سہولیات والے سیاحتی مقامات کا انتخاب کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بابوسر ٹاپ روڈ بھی بند ہے اور اگر پھر بھی سفر کرنا چاہتے ہیں تو اپنی ذمہ داری پر کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp