ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان تین روزہ سرکاری دورے پر جمعرات کی شب بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ پہنچ گئے، اس دورے کا مقصد بنگلہ دیش اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
ڈھاکا ایئرپورٹ پر بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمٰن، وزیر مملکت برائے خارجہ شمع عبید اور وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ہمایوں کبیر نے ان کا استقبال کیا۔
سفارتی ذرائع کے مطابق حاقان فیدان جمعہ کی صبح ڈھاکا میں اپنے بنگلہ دیشی ہم منصب کے ساتھ باضابطہ مذاکرات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ترکیہ اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کی پہلی ملاقات، تعاون بڑھانے پر اتفاق
ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون اور تبادلوں سے متعلق ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے جانے کی توقع ہے۔
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ میڈیا کو مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران ترک وزیر خارجہ کاکس بازار کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مہاجرین کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
Dakka’da Diplomatik Temas: Hakan Fidan Mevkidaşıyla Görüştü
Dışişleri Bakanı Hakan Fidan, Bangladeş’in başkenti Dakka’da resmi ziyaret kapsamında mevkidaşıyla havalimanında bir araya geldi.
🤝 Türkiye–Bangladeş hattında diplomasi trafiği sürüyor. pic.twitter.com/iEUbSKYd1r
— 🎙️Muhabir (@Muhabir_Haberr) June 4, 2026
ہفتے کے روز حاقان فیدان کی بنگلہ دیش کے وزیراعظم طارق رحمان سے ملاقات متوقع ہے، اس کے علاوہ وہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں سے الگ الگ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
دسمبر 2020 کے بعد یہ کسی ترک وزیر خارجہ کا بنگلہ دیش کا پہلا دورہ ہے۔
رواں سال کے آغاز میں بی این پی کی قیادت میں نئی حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد کسی بڑے ملک کے وزیر خارجہ کا یہ پہلا دورۂ ڈھاکہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات بڑی حد تک مکمل ہو چکے، ترک وزیر خارجہ
سفارتی مبصرین کے مطابق یہ دورہ دوطرفہ اور سیاسی دونوں حوالوں سے اہمیت کا حامل ہے۔
فروری میں نئی حکومت کے قیام کے بعد ترکیہ نے بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے ہیں، جبکہ مختلف بین الاقوامی فورمز پر بھی دونوں ممالک کے درمیان رابطوں اور تعاون میں اضافہ ہوا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس دورے کے نتیجے میں سفارت کاری، ثقافت، تجارت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں بنگلہ دیش اور ترکیہ کے تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔












