پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس آپریشن، 6 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد ہلاک

جمعہ 5 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 3 اور 4 جون 2026 کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی ’فتنۃ الہندوستان‘ سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 6 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

مزید پڑھیں: آئی جی ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کا پنجگور کا دورہ، گورنمنٹ ڈگری کالج چتکان کا تزئین کے بعد افتتاح

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق ہلاک ہونے والے عناصر علاقے میں مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ موجود دیگر دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔

قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ’عزمِ استحکام‘ مہم کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

صدر زرداری کا پنجگور آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار

صدرِ مملکت نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فتنۃ الہندوستان کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر زرداری نے بھارتی سرپرستی میں سرگرم چھ دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے کو امن و استحکام کے قیام کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا۔

مزید پڑھیں: پنجگور میں مسلح حملے، 11 افراد ہلاک؛ کوئٹہ میں 2 مقامات پر دہشتگردی کی کوشش ناکام

صدرِ مملکت نے کہا کہ فتنۃ الہندوستان اور اس کے سہولت کار پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہا۔

صدر زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آپریشن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی اور ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا پنجگور آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

وزیراعظم نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے معصوم اور نہتے پاکستانی شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کو کامیاب کارروائی میں جہنم واصل کیا۔

وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشتگردی کے خلاف ان کی مسلسل قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پاکستان ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رکھی جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp