بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دی جائے، صدر مملکت کی وزیراعظم سے گفتگو

پیر 8 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں قومی سلامتی، داخلی و علاقائی صورتحال اور دیگر اہم قومی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوان صدر کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: بجٹ کی منظوری سے قبل بلاول بھٹو اور اسحاق ڈار کی اہم ملاقات، کن اہم امور پر گفتگو ہوئی؟

بجٹ، معیشت اور عوامی ریلیف پر تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران ملکی معیشت، آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ، گلگت بلتستان کے حالیہ انتخابات، آزاد کشمیر کی صورتحال، امن و امان اور دیگر قومی اہمیت کے معاملات پر گفتگو کی گئی۔

بجٹ تجاویز اور عوامی ریلیف کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے زور دیا کہ وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح، صوبوں کے حقوق اور معاشی استحکام کو ترجیح دی جائے۔

صدر آصف علی زرداری نے ہدایت کی کہ آنے والے بجٹ میں اقتصادی ترقی کی شرح اور عوامی فلاحی منصوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے۔

وزیر داخلہ کی ایران کے دورے پر بریفنگ

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے صدرِ مملکت کو اپنے حالیہ دورہ ایران اور علاقائی سطح پر ہونے والے سفارتی رابطوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سینیٹر احد چیمہ بھی شریک تھے۔

مزید پڑھیں: وفاقی بجٹ کی تاریخ پھر تبدیل ہونے کا امکان، حکومت کی مختلف آپشنز پر مشاورت

اجلاس میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور اور رکن قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے بھی شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp