وحدت کالونی واقعہ: وزیر داخلہ بلوچستان کی متاثرہ خاندان سے ملاقات، ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی

منگل 9 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیااللہ لانگو نے وحدت کالونی میں پیش آنے والے واقعے کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر وزیر داخلہ بلوچستان نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وحدت کالونی میں پیش آنے والے واقعے پر انہیں انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے۔

میر ضیااللہ لانگو نے کہا کہ دکھ اور مشکل کی اس گھڑی میں حکومت بلوچستان اور وہ ذاتی طور پر متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

نامزد افراد کی گرفتاری اور محکمانہ کارروائی جاری

وزیر داخلہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ واقعے کے مقدمے میں نامزد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں اور کسی بھی پہلو کو نظر انداز نہ کیا جائے۔

ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی

میر ضیااللہ لانگو نے واضح کیا کہ واقعے میں ملوث ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ وحدت کالونی واقعے کے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی اور انتظامی اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور حکومت اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے پرعزم ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک سرکاری ملازم نے اپنی اہلیہ اور 4 کمسن بچوں کو قبل کرنے کے بعد خود کشی کرلی تھی، جس کے بعد کیس کی تفتیش کے دوران پولیس نے 2 ملزمان کو حراست میں لیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp