مہنگائی کی وجہ روس یوکرین جنگ ہے: شہباز شریف

اتوار 11 جون 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات دھاندلی زدہ تھے جس کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت نے اپنے 4 سالہ دور میں ترقی کو ریورس گیئر لگایا۔ چین نے جو منصوبے لگائے تھے ان کو بھی ختم کیا گیا۔

لاہور میں اسپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج کے دور میں مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی انتہائی مشکلات کا شکار ہے اور صورت حال یہاں تک پہنچ چکی ہے کہ غریب آدمی کا 50 ہزار میں بھی گزارہ نہیں ہو رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کے دور میں تمام منصوبے ٹھپ ہو کر رہ گئے تھے۔ ہم نوجوانوں کو جو سہولیات دے رہے تھے ان کا بھی خاتمہ کیا گیا۔ اور ان لوگوں نے عالمی مالیاتی ادارے سے خود جو معاہدہ کیا اس کی بھی خلاف ورزی کی۔

شہباز شریف نے روس یوکرین جنگ کو مہنگائی کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں اشیا کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

وزیراعظم نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق دور میں ایک شخص کی ساری توجہ اس بات پر مرکوز تھی کہ اپوزیشن کو کس طرح دیوار کے ساتھ لگایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے بجٹ بہت محنت سے تیار کیا ہے اور ملازمین کی تنخواہوں میں 30 سے 35 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر دی ہیں اور اسی ماہ معاہدہ ہو جائے گا۔ اور اس میں مزید تاخیر ہوئی تو قوم کو اعتماد میں لوں گا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو ملک دشمن اقدامات کیے گئے۔ جو لوگ ملوث ہیں کو ان کو سزا ضرور ملے گی۔ اب سابق وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں ہم ملک میں استحکام لائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp