اسلام آباد میں شہریوں کی سہولت اور نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اور بڑا اقدام اٹھا لیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے تمام مراحل کو جدید ٹیکنالوجی پر منتقل کرتے ہوئے نظام کو مکمل طور پر پیپر لیس اور کیش لیس کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈرائیونگ لائسنس سے متعلق بڑا فیصلہ، اہم شرط بھی ختم
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد اور چیف ٹریفک پولیس افسر محمد سرفراز ورک کی سربراہی میں یہ جدت کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے، نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت اب شہریوں کو لائسنس بنوانے کے لیے اپنے ساتھ کوئی اضافی دستاویزات یا فوٹو کاپیاں لانے کی ضرورت نہیں ہوگی، شہری اب صرف اپنا اصل قومی شناختی کارڈ ہمراہ لا کر لائسنس حاصل کرسکیں گے۔
مزید برآں فیسوں کی ادائیگی کے مروجہ طریقے کو آسان بناتے ہوئے کیش لیس کردیا گیا ہے، اب درخواست گزار کسی بھی بینکنگ موبائل ایپ یا دیگر متبادل ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے موقع پر ہی لائسنس فیس ادا کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ٹریفک پولیس چالانوں کی ادائیگی کے نظام کو بھی مکمل طور پر کیش لیس کرچکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ٹریفک پولیس کی بڑی کارروائی، جعلی ڈرائیونگ لائسنس بنانے والا گرفتار
شہریوں کی آسانی کے لیے تمام خدمت مراکز میں خواتین اور سینئر سٹیزنز (بزرگ شہریوں) کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ انہیں بغیر کسی پریشانی کے ترجیحی بنیادوں پر خدمات فراہم کی جا سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ، شفافیت کو یقینی بنانے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے ہر خدمت مرکز میں شکایات سیل بھی فعال کردیے گئے ہیں۔












