ریاض ایئر کی باقاعدہ پروازوں کا آغاز، پہلی بوئنگ 787 ڈریم لائنر لندن پہنچ گئی

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سعودی عرب کی نئی قومی فضائی کمپنی ’ریاض ایئر‘ نے بدھ کے روز اپنی پہلی باقاعدہ بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر پرواز کا آغاز کر دیا، جو ایئرلائن کے تجارتی آپریشنز میں ایک اہم سنگِ میل اور مملکت کے عالمی ہوابازی مرکز بننے کے وژن کی جانب بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق پرواز RX401 ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوئی اور مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے لندن ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچ گئی۔

مزید پڑھیں: ویژن 2030 کے تحت بڑا سنگِ میل : ریاض ایئر کو بوئنگ طیاروں کی پہلی کھیپ موصول، واٹر کینن سے سلامی

یہ پرواز ریاض ایئر کے نئے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیاروں کی باقاعدہ آپریشنل سروس کا آغاز ہے۔ ایئرلائن کو گزشتہ ہفتے اپنے پہلے دو جدید طیارے موصول ہوئے تھے جبکہ تیسرا طیارہ 7 جون کو بیڑے میں شامل کیا گیا۔ مزید طیاروں کی فراہمی آئندہ مہینوں میں متوقع ہے۔

ریاض ایئر اس سے قبل اکتوبر سے لندن ہیتھرو کے لیے روزانہ پروازیں اپنے ریزرو طیارے ’جمیلہ‘ کے ذریعے چلا رہی تھی۔ یہ سلسلہ پاتھ وے ٹو پرفیکٹ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا تھا جس کا مقصد آپریشنز، مسافروں کے تجربے اور خدمات کا جائزہ لینا اور مکمل تجارتی سروس کے لیے تیاری کرنا تھا۔

بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر میں 4 درجوں پر مشتمل جدید کیبن ترتیب دی گئی ہے، جس میں بزنس ایلیٹ، بزنس کلاس، پریمیم اکانومی اور اکانومی کلاس شامل ہیں۔ طیارے میں جدید ترین ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم، بلوٹوتھ کنیکٹیویٹی اور تیز رفتار ڈیجیٹل سروسز بھی فراہم کی گئی ہیں، جو ریاض ایئر کے ٹیکنالوجی پر مبنی کاروباری ماڈل کی عکاسی کرتی ہیں۔

ریاض ایئر 2023 میں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کی ملکیت میں قائم کی گئی تھی۔ ایئرلائن سعودی وژن 2030 کے تحت فضائی رابطوں کے فروغ، سیاحت میں اضافے اور معیشت کو تیل پر انحصار سے نکالنے کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔ کمپنی کو اپریل 2025 میں فضائی آپریٹر سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

ایئرلائن کا ہدف 2030 تک دنیا بھر کے 100 سے زائد مقامات کو ریاض سے منسلک کرنا ہے، جبکہ رواں سال کے اختتام تک قریباً 20 بین الاقوامی منزلوں تک پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

ریاض ایئر نے اب تک 72 بوئنگ ڈریم لائنر طیاروں کا آرڈر دیا ہے جبکہ طویل المدتی منصوبے کے تحت اپنے فضائی بیڑے کو 180 سے زائد طیاروں تک وسعت دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔

مزید پڑھیں:پی آئی اے کی ریاض ایئر کے ساتھ کارگو ڈیل، قومی ایئرلائن کو کیا فائدہ ہوگا؟

سعودی حکام کے مطابق ریاض ایئر مملکت کے ہوابازی کے شعبے میں انقلابی تبدیلی کا محور بنے گی۔ اندازوں کے مطابق یہ ایئرلائن غیر تیل معیشت میں قریباً 20 ارب ڈالر کا اضافہ کرے گی اور براہِ راست و بالواسطہ طور پر 2 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع پیدا کرے گی۔

لندن ہیتھرو روٹ کو ریاض ایئر کے بین الاقوامی نیٹ ورک کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ کمپنی کا مقصد ریاض کو ایشیا، افریقہ اور یورپ کے درمیان ایک اہم فضائی گیٹ وے کے طور پر منوانا ہے۔

سعودی حکام کے مطابق یہ منصوبہ مملکت کو عالمی فضائی سفر اور ٹرانزٹ کے بڑے مراکز کی صف میں شامل کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

ایپل نے انویڈیا کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی سب سے مہنگی کمپنی کا اعزاز دوبارہ اپنے نام کرلیا

جاپان کے کیوشو جزیرے میں 7.1 شدت کا زلزلہ، متعدد افراد زخمی، عمارتیں منہدم : وزیراعظم سانائے تاکائیچی

خستہ حال پل ٹوٹنے سے بھاری ٹرک ندی میں جا گرا، خیبر پختونخوا سے ہولناک حادثے کی ویڈیو وائرل

28 جولائی 2010: وہ دن جب میرے قدموں تلے زمین نکل گئی

بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ سے ملاقات کے 3 دن بعد طالبہ نے خودکشی کرلی

ویڈیو

امریکی کانگریس کے وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

آزاد کشمیر میں عوامی مینڈیٹ کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے، دھاندلی کے الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، بلاول بھٹو

جنوب مغربی جاپان میں 7.1 شدت کا زلزلہ، سونامی الرٹ جاری

کالم / تجزیہ

28 جولائی 2010: وہ دن جب میرے قدموں تلے زمین نکل گئی

جاوید ہاشمی جواب دیں

فخر درانی۔ ایک دلیر صحافی