امریکی کانگریس کے وفد کی اسحاق ڈار سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

منگل 28 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور امریکا نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

امریکی کانگریس کے 2 رکنی وفد نے پیر کے روز نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کا خواہاں، امریکی وفد کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات

امریکی کانگریسی وفد نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور امریکہ میں مقیم پاکستانی برادری کی خدمات کو بھی سراہا۔

ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت، سرمایہ کاری، آئی ٹی، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی کانگریسی وفد میں کانگریس کے ارکان ریان زنکے اور مائیکل باؤمگارٹنر شامل تھے۔

ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

مزید پڑھیں: امریکا پاکستان تعلقات کی جھلکیاں، ناظم الامور نیٹلی بیکر کا دوطرفہ شراکت داری پر زور

ملاقات میں دونوں فریقوں نے اس امر پر زور دیا کہ پارلیمانی سطح پر روابط کا تسلسل باہمی اعتماد کے فروغ اور پاکستان و امریکا کے دیرینہ شراکت داری کے مزید استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

امریکی کانگریسی وفد نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معیشت اور معاشرے کے لیے گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط اور مؤثر پل قرار دیا۔

اس موقع پر علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

امریکی کانگریس کے ارکان نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس حوالے سے اس کی کوششوں کی تعریف کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp