وزارتِ اطلاعات و نشریات نے قومی اسمبلی میں سرکاری اشتہارات کے اخراجات کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وفاقی حکومت اور مختلف وزارتوں و محکموں نے یکم جولائی 2024 سے 31 مارچ 2026 تک اشتہارات کی مد میں مجموعی طور پر 9 ارب 28 کروڑ 62 لاکھ 97 ہزار 339 روپے خرچ کیے۔
یہ بھی پڑھیں:وفاقی بجٹ 12 جون کو، اقتصادی جائزہ کل جاری کیا جائے گا، پیٹرول پر ریلیف، 13 کھرب روپے ٹیکس ہدف مقرر
رکن قومی اسمبلی اویس حیدر جکھر کے سوال کے جواب میں تفصیلات وزیر اطلاعات و نشریات کی جانب سے ایوان میں جمع کرائی گئیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق وزارتِ اطلاعات و نشریات نے مذکورہ مدت کے دوران 8 ارب 2 کروڑ 74 لاکھ 5 ہزار 417 روپے کے اشتہارات جاری کیے، جبکہ دیگر وزارتوں، ڈویژنز، محکموں اور سرکاری اداروں کی جانب سے 1 ارب 25 کروڑ 88 لاکھ 91 ہزار 922 روپے خرچ کیے گئے۔
اشتہارات کن شعبوں میں جاری کیے گئے؟
وزارتِ اطلاعات کے جواب میں کہا گیا ہے کہ اشتہارات عوامی مفاد اور آگاہی مہمات کے لیے جاری کیے جاتے ہیں۔ ان کا مقصد حکومت کی پالیسیوں، اصلاحات، عوامی خدمات اور قومی اہمیت کے معاملات سے متعلق معلومات عوام تک پہنچانا ہے۔

دستاویز کے مطابق اشتہارات معاشی اصلاحات اور حکومتی اقدامات، صحت عامہ اور عوامی تحفظ، پولیو اور آبادی کنٹرول پروگرام، ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی، قومی ایکشن پلان، کشمیر اور خارجہ امور، سیاحت، دفاع اور قومی سلامتی، ڈیجیٹل سیفٹی اور سائبر سیکیورٹی، نوجوانوں کی فلاح و بہبود اور بااختیار بنانا اور قومی و بین الاقوامی اہمیت کے ایام کی تشہیر کے لیے دیے گئے۔
اشتہارات کی تقسیم کیسے کی جاتی ہے؟
وزارت نے واضح کیا کہ سرکاری اشتہارات کی تقسیم فیڈرل گورنمنٹ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2021 اور 2022 میں منظور شدہ قواعد کے تحت کی جاتی ہے۔ ٹی وی اشتہارات چینلز کی ریٹنگ جبکہ اخباری اشتہارات اخبارات کی سرکولیشن کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں تاکہ سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:بجٹ 27-2026، کم از کم تنخواہ کتنی ہونی چاہیے؟ اسلام آباد کے شہریوں کی رائے
جواب میں مزید کہا گیا کہ اشتہارات کی تقسیم کے معاملات پر پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) اور آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (APNS) کے ساتھ مشاورت بھی کی جاتی ہے تاکہ شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔
میڈیا انڈسٹری کی معاونت
وزارتِ اطلاعات نے اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا کہ ملک کی میڈیا انڈسٹری، خصوصاً پرنٹ میڈیا، مالی مشکلات کا شکار ہے۔ اسی تناظر میں اشتہارات کے ذریعے میڈیا اداروں کی معاونت کی جاتی ہے تاکہ صحافیوں اور دیگر ملازمین کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی ممکن بنائی جا سکے۔

سرکاری جواب کے مطابق اشتہارات کسی مخصوص میڈیا ادارے کی سیاسی وابستگی یا حمایت کی بنیاد پر نہیں بلکہ عوامی رسائی، اثر پذیری اور قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کیے جاتے ہیں۔











