فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ترکیہ بری فوج کے کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

جمعرات 11 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ترکیہ بری افواج کے کمانڈر جنرل متین توکل نے جمعرات کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل متین توکل کی جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی۔

یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے، اہم شخصیات سے ملاقاتیں متوقع

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور اسٹرٹیجک تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ روابط وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے درمیان موجود قریبی دفاعی شراکت داری کو سراہتے ہوئے اس تعاون کو علاقائی امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔

نیول اور ایئر ہیڈکوارٹرز کے دورے

آئی ایس پی آر کے مطابق ترکیہ کی بری افواج کے کمانڈر نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران پیشہ ورانہ امور، دوطرفہ بحری تعاون اور خطے کی بحری سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے بحری شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، عطا اللہ تارڑ

بعد ازاں جنرل متین توکل نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دوطرفہ عسکری تعاون، تربیتی روابط اور باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور زیر بحث آئے۔

پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف

ترکیہ بری افواج کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے علاقائی سلامتی کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے دفاعی تعلقات اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقاتوں میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی، تربیتی اور عسکری شعبوں میں جاری تعاون کو مزید فروغ دینے اور مستقبل میں اشتراک کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp