امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے سے متعلق ابتدائی معاہدے کی خبر کے باوجود عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں 2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور امریکی ڈالر کی کمزوری نے قیمتی دھاتوں کو سہارا فراہم کیا۔
پیر کے روز اسپاٹ گولڈ 2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,304.11 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا، جو 9 جون کے بعد بلند ترین سطح ہے۔ اگست کے لیے امریکی گولڈ فیوچرز بھی 2 فیصد اضافے کے بعد 4,325.20 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں: امریکا اور ایران کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، پاکستان کے لیے یہ کتنی بڑی کامیابی ہے؟
امریکی اور ایرانی حکام نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ دونوں ممالک جنگ کے خاتمے، ایران پر امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک ابتدائی فریم ورک پر متفق ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کے مطابق اس معاہدے پر جمعہ کے روز سوئٹزرلینڈ میں باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
معاہدے کی خبر کے بعد امریکی ڈالر 10 روز کی کم ترین سطح پر آ گیا، جس سے دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہو گیا۔ دوسری جانب خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ تجزیہ کار ٹِم واٹرر کے مطابق آبنائے ہرمز کی متوقع بحالی اور جغرافیائی کشیدگی میں کمی کے باعث تیل کی قیمتوں اور افراطِ زر کے خدشات میں کمی آئی ہے، جس نے سونے کو حالیہ ہفتوں میں مضبوط سہارا فراہم کیا ہے۔ تاہم اس رجحان کا انحصار امن معاہدے کے پائیدار ثابت ہونے پر ہوگا۔
فروری کے اواخر میں شروع ہونے والی امریکا اسرائیل اور ایران کشیدگی کے بعد سے سونے کی قیمتوں میں قریباً 20 فیصد کمی آ چکی تھی، جبکہ آبنائے ہرمز کی بندش نے عالمی تیل کی قیمتوں کو اوپر دھکیل کر مہنگائی اور بلند شرح سود کے خدشات کو بڑھا دیا تھا۔
مزید پڑھیں:امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پاگیا، وزیراعظم شہباز شریف اور ڈونلڈ ٹرمپ نے تصدیق کردی
ماہرین کے مطابق امن معاہدے کے بعد امریکی شرح سود میں اضافے کی توقعات بھی کم ہوئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں شرح سود بڑھنے کے امکانات 69 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد رہ گئے ہیں۔
دوسری جانب دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ چاندی کی قیمت 3.1 فیصد اضافے کے ساتھ 70.07 ڈالر فی اونس، پلاٹینم 3.1 فیصد اضافے کے بعد 1,771.27 ڈالر فی اونس جبکہ پیلیڈیم 3.3 فیصد بڑھ کر 1,325.76 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔














