امریکا ایران جنگ بندی معاہدہ، ’پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ امن کا سفیر ہے‘

پیر 15 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی طویل سفارتی کوششوں اور مسلسل مذاکرات کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت دونوں ممالک نے تمام محاذوں پر فوجی کارروائیاں فوری اور مستقل طور پر ختم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ معاہدے پر باضابطہ دستخط 19 جون کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں کیے جائیں گے۔

دوسری جانب امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان کے کردار کو بھی بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ صارفین کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں کو امن کے قیام میں اہم قرار دیا جا رہا ہے جبکہ متعدد صارفین پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کاوشوں کی تعریف کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور ایران کے امن معاہدے کا عالمی سطح پر خیرمقدم، پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف

سلمان غنی لکھتے ہیں کہ امریکا ایران میں جنگ بندی ان کے درمیان مذاکراتی عمل اوراب معاہدے میں پاکستان کا سفارتی اور ثالثی کردار تاریخ کا وہ روشن باب ہے جس پر ہمیشہ ناز رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی محنت، مربوط حکمت عملی اور بھر پور سفارتی کردار نے آج یہ دن دکھایا کہ دنیا بھی پاکستان کے کردار کو سراہ رہی ہے اور فریقین بھی پاکستان کا شکریہ ادا کرتے نظر آ رہے ہیں۔ اللہ جسے عزت دینا چاہتا ہے اسے کوئی روک نہیں سکتا۔

ایک صارف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کا خواب دیکھنے والا بھارت خود عالمی سطح پر تنہا ہو گیا، پاکستان نے امریکا اور ایران کی ممکنہ تباہ کن جنگ کو ٹال کر دنیا کو امن کا تحفہ دے دیا۔ دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی کہ ایک ملک نے پاکستان کو معاشی اور سفارتی طور پر تنہا کرنے کے لیے اپنی پوری طاقت جھونک دی تھی لیکن قدرت کا قانون دیکھیے کہ آج وہ خود دنیا کے سامنے شدید سبکی اور سفارتی تنہائی کا سامنا کر رہا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان  نے انتہائی جاندار سفارت کاری کے ذریعے مشرقِ وسطیٰ کو ایک ہولناک جنگ سے بچا لیا۔ معاہدے کا حتمی نفاذ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان خطے کا سب سے اہم اور ناگزیر سٹریٹجک کھلاڑی ہے۔ آج پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے کہ پاکستان عالمی امن کا ضامن ہے۔

اظہر محمد خان نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کا اعلان پاکستان کی سفارتی کوششوں اور مذاکرات پر یقین کا مظہر ہے۔ یہ لمحہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ پیچیدہ ترین تنازعات کا حل بھی بالآخر بات چیت اور تدبر سے ہی نکلتا ہے۔ پاکستان کے لیے یقیناً یہ ایک قابلِ فخر موقع ہے۔

ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی محنت رنگ لے آئی، پاکستان نے ثابت کر دیا کہ وہ امن کا سفیر ہے۔

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ پاکستان، امریکا ایران امن معاہدے کا امین ہے اللہ نے یہ عظیم فیصلہ پاکستان کی ثالثی سے ممکن کیا۔ خطے کو بڑی جنگ سے بچانے کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیر اعظم شہباز شریف نے انتھک کوششیں کی ہے جو الحمد اللہ رنگ لائی ہے۔ آخر میں انہوں نے پاکستان ہمیشہ زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

واضح رہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے 28 فروری کو ایران کے خلاف کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے جاری کشیدگی میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت ایران اور لبنان سے تعلق رکھنے والوں کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp