پیپلز پارٹی پر سودے بازی کے الزامات بے بنیاد، بجٹ بغیر آئینی ترمیم کے منظور ہوگا، عبدالقادر پٹیل

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پر سودے بازی کے الزامات درست نہیں اور پارٹی ہمیشہ ملکی مفاد کو مقدم رکھتی ہے، کسی سیاسی جماعت کے مفاد میں فیصلے نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کا مؤقف ہمیشہ واضح اور اصولی رہا ہے اور موجودہ بجٹ بھی بغیر کسی آئینی ترمیم کے منظور ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کے دوران بعض موقع پرست عناصر نے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی، تاہم پیپلز پارٹی کسی جماعت کے مفاد میں کوئی سودا نہیں کرے گی۔

مزید پڑھیں:عمران خان نے عبدالقادر پٹیل کے خلاف 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کر دیا

عبدالقادر پٹیل نے معاشی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی پی اور دیگر معاشی اشاریوں سے زیادہ اہم عوام کی زندگی اور معیارِ زندگی ہے۔ اگر عوام کو خوراک، تعلیم، بجلی اور روزگار میسر نہ ہو تو معاشی ترقی کے دعوے بے معنی ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ محض اعداد و شمار سے معیشت کی حقیقی تصویر سامنے نہیں آتی بلکہ اصل پیمانہ عوامی سہولت اور بنیادی ضروریات کی فراہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کا سب سے زیادہ بوجھ غریب اور متوسط طبقے پر پڑتا ہے، جبکہ بالواسطہ ٹیکسوں کے ذریعے عام شہری مسلسل متاثر ہو رہا ہے۔ موبائل کارڈز، روزمرہ استعمال کی اشیا اور دیگر بنیادی ضروریات پر ٹیکس عوام کے لیے اضافی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے رکن نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کی شرح اور حکومتی اعداد و شمار واضح نہیں، جبکہ مہنگائی کے مقابلے میں تنخواہوں میں اضافہ ناکافی ہے۔ سرکاری ملازمین کی آمدن اور اخراجات میں نمایاں فرق پیدا ہو چکا ہے جس کے باعث عام آدمی شدید دباؤ کا شکار ہے۔

مزید پڑھیں:عمران خان کی دماغی حالت ٹھیک نہیں، عبدالقادر پٹیل کا دعویٰ

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ٹیکس پالیسی سادہ، واضح اور قابلِ عمل ہونی چاہیے تاکہ عوام میں الجھن پیدا نہ ہو۔ انہوں نے فکس ٹیکس نظام کو معیشت میں بہتری کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ چھوٹے دکانداروں پر فکس ٹیکس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور اس نظام کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ دفاع اور داخلہ کے معاملات پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا، جبکہ ٹیکس اصلاحات، شفاف پالیسی سازی اور عوامی ریلیف کے اقدامات ہی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp