سینیٹ کمیٹی نے ڈیجیٹل تخلیق کاروں کی آمدنی پر 5 فیصد ٹیکس کی منظوری دے دی

منگل 16 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پارلیمنٹ کی قائمہ کمیٹیوں نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں ڈیجیٹل تخلیق کاروں کی سوشل میڈیا آمدنی پر 5 فیصد ٹیکس عائد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سوشل میڈیا کے ذریعے لاکھوں روپے کمانے والے مقامی اور غیر ملکی انفلوئنسرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے طریقہ کار کی توثیق کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا سے آمدنی پر عائد ٹیکس کی شرح کیا ہوگی؟

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق سالانہ 6 لاکھ روپے تک کی سوشل میڈیا آمدنی پر ٹیکس چھوٹ ہوگی، جبکہ 6 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک کی کمائی پر 5 فیصد ٹیکس لاگو کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران بعض ارکان نے تشویش ظاہر کی کہ اس ٹیکس سے ملک میں آنے والا زرمبادلہ متاثر ہوسکتا ہے، تاہم ایف بی آر کا مؤقف ہے کہ سوشل میڈیا آمدنی کو بھی دیگر قابلِ ٹیکس آمدنی کی طرح ہی دیکھا جائے گا۔

دوسری جانب حکومت نے سپر ٹیکس کو بتدریج ختم کرنے کا اشارہ دیا ہے اور وزیرِ خزانہ کا کہنا ہے کہ ہر سال اس ٹیکس کی شرح کم کر کے اسے مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: سوشل میڈیا کی کمائی پر ٹیکس کی خبریں، یوٹیوبرز اور فری لانسرز کیا کہتے ہیں؟

اس کے علاوہ نوئیڈیا اور ایڈوب جیسی بڑی کمپنیوں کے مطالبات کے برعکس برآمدی شعبے کے لیے فائنل ٹیکس رجیم کی بحالی کی تجویز مسترد کردی گئی ہے اور برآمد کنندگان پر ایڈوانس ٹیکس 2 فیصد سے کم کر کے 1.25 فیصد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

خوردہ فروشوں کے لیے تیار کردہ نئی ٹیکس اسکیم پر بھی کمیٹی میں بحث ہوئی جہاں حکام نے اعتراف کیا کہ ایک سال میں 35 لاکھ دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانا غیر حقیقی ہے، اس لیے پہلے مرحلے میں صرف 1 لاکھ بڑے تاجروں کو ہدف بنایا جائے گا۔

کمیٹی نے لائف انشورنس پالیسیوں کے منافع پر ٹیکس لگانے کی منظوری دی ہے جبکہ وفات یا معذوری کی صورت میں ملنے والی رقوم ٹیکس سے استثنیٰ رہیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: یکم جولائی سے تنخواہ دار طبقہ کتنی آمدن پر کتنا ٹیکس دے گا؟

 مزید برآں والدین کے انتقال کے بعد وراثت میں منتقل ہونے والی جائیدادوں کو سیلز ٹیکس سے مکمل چھوٹ دینے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے دوران ایسے 8 ہزار 697 افراد کی نشاندہی بھی کی گئی ہے جو انکم ٹیکس دیے بغیر بینکوں میں 750 ارب روپے کے ڈپازٹس رکھتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp