محرم الحرام میں بین المسالک ہم آہنگی اور امن کے فروغ کے لیے علمائے کرام متفقہ ضابطۂ اخلاق پر متفق

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام محرم الحرام 1448 ہجری کے دوران مسلکی رواداری، امن و امان اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مختلف مکاتبِ فکر کے ممتاز علمائے کرام، مشائخ عظام، خطبا اور مذہبی شخصیات کا نمائندہ اجلاس وفاقی وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر تمام مکاتبِ فکر کے نمائندوں نے ایک متفقہ ضابطۂ اخلاق کی منظوری دی، جس کے تحت باہمی احترام، محبت، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضا قائم رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

مزید پڑھیں:وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی

اعلامیے کے مطابق علما کرام، خطبا اور مصنفین اپنی تقاریر اور تحریروں میں اعتدال اور توازن کو فروغ دیں گے جبکہ اشتعال انگیز بیانات، دل آزاری اور دوسرے مسالک کے مقدسات یا اکابرین کی توہین سے مکمل اجتناب کیا جائے گا۔ مسلکی اختلافات کو مکالمے، مشاورت اور باہمی تفہیم کے ذریعے حل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

متفقہ اعلامیے میں امہات المؤمنین، صحابۂ کرام، اہل بیت اطہار، اولیائے کرام اور دیگر اکابرینِ امت کے احترام کو ہر صورت ملحوظ رکھنے اور انہیں تنقید کا نشانہ نہ بنانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس کے شرکا نے سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر کے خلاف متعلقہ اداروں کو شکایات درج کرانے کی بھی اپیل کی۔

سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں اور بین المذاہب مسالک ہم آہنگی اور احترام کی فضا کو متاثر کرنے والی کسی بھی تحریری یا تقریری مواد کواپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف مندجہ ذیل لنکس، نمبرز پر رپورٹ کریں: https://complaint.fia.gov.pk/
https://complaint.pta.gov.pk/RegisterComplaint.aspx
0800-5505515
اعلامیے میں علماء کرام اور خطبا پر زور دیا گیا کہ وہ واقعۂ کربلا کے تناظر میں فلسطین اور کشمیر کے عوام کی قربانیوں اور ان پر ہونے والے مظالم کو بھی اجاگر کریں اور ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں۔

مزید پڑھیں:وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور و خوض کے لیے کمیٹی تشکیل دیدی

اجلاس میں وفاقی حکومت نے صوبائی حکومتوں سے بھی اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صوبائی اور ضلعی سطح پر اسی نوعیت کے اجلاس منعقد کیے جائیں تاکہ ملک بھر میں امن، اتحاد اور بھائی چارے کی فضا برقرار رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp