مصنوعی ذہانت سے لیس ’اسپیکس‘ چشمے متعارف

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسنیپ چیٹ کی مالک کمپنی اسنیپ نے مصنوعی ذہانت اور آگمینٹڈ ریئلٹی ٹیکنالوجی سے لیس اپنے پہلے صارفین کے لیے تیار کردہ اے آر چشمے ’اسپیکس‘ متعارف کرا دیے ہیں، جنہیں کمپنی اسمارٹ فون کے متبادل کے طور پر پیش کر رہی ہے۔

امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اسنیپ نے کیلیفورنیا میں منعقدہ ’آگمینٹڈ ورلڈ ایکسپو‘ کے دوران اپنے نئے آگمینٹڈ ریئلٹی (AR) چشمے ’اسپیکس‘ متعارف کرا دیے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ چشمے مستقبل میں اسمارٹ فونز کی جگہ لینے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور مصنوعی ذہانت کے دور میں ٹیکنالوجی کے استعمال کا نیا انداز متعارف کرائیں گے۔

اسنیپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایون اسپیگل کے مطابق ’اسپیکس‘ دراصل ایک نئی قسم کا کمپیوٹر ہے جسے روزمرہ زندگی میں آسانی سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ چشمے کسی اضافی بیٹری پیک یا بیرونی آلات کے بغیر کام کرتے ہیں اور دیکھنے میں موٹے فریم والے دھوپ کے چشموں جیسے ہیں۔

’اسپیکس‘ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ حقیقی دنیا کے مناظر پر ڈیجیٹل معلومات ظاہر کر سکتے ہیں۔ صارف چلتے ہوئے راستے کی رہنمائی حاصل کر سکتا ہے، مصنوعی ذہانت سے فوری سوالات کے جواب لے سکتا ہے، ویڈیوز دیکھ سکتا ہے یا ورچوئل وائٹ بورڈ استعمال کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اے آئی چشمے: سہولت کے ساتھ غلط معلومات اور پرائیویسی کے خدشات بھی سامنے آگئے

کمپنی کے مطابق ڈویلپرز نے ان چشموں کے لیے متعدد ایپلی کیشنز تیار کی ہیں، جن میں اپالو 11 مشن کا ورچوئل تجربہ اور گالف کھیلنے والوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے والی سہولیات بھی شامل ہیں۔ چشموں میں ویڈیو ریکارڈنگ کی صلاحیت بھی موجود ہے۔

اسنیپ کا دعویٰ ہے کہ ’اسپیکس‘ کو بعض مہنگے ہیڈ سیٹس کے مقابلے میں زیادہ آرام دہ اور قابلِ استعمال بنایا گیا ہے۔ ان کی قیمت 2,195 ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو اگرچہ ایپل کے ’’ویژن پرو‘‘ ہیڈ سیٹ سے کم ہے، تاہم میٹا کے اسمارٹ چشموں کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ قیمت صارفین کی دلچسپی میں رکاوٹ بن سکتی ہے، لیکن مکمل آگمینٹڈ ریئلٹی چشمے تیار کرنا ایک پیچیدہ اور مہنگا کام ہے، اس لیے اسنیپ کی یہ پیشرفت ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم سمجھی جا رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق ’اسپیکس‘ کی فروخت رواں سال خزاں میں امریکا، برطانیہ اور فرانس میں شروع کی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp