زیدان اقبال فیفا ورلڈ کپ کھیلنے والے پہلے پاکستانی نژاد فٹبالر بن گئے

بدھ 17 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عراق کے مڈفیلڈر زیدان اقبال نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں میدان میں اتر کر تاریخ رقم کر دی اور مردوں کے فٹبال ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پاکستانی نژاد پہلے کھلاڑی بن گئے۔

زیدان اقبال نے یہ اعزاز اس وقت حاصل کیا جب وہ بوسٹن کے فاکسبورو اسٹیڈیم میں ناروے کے خلاف گروپ میچ کے دوران 59ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے۔ اس میچ میں عراق کو ناروے کے ہاتھوں 1-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: میسی کی ہیٹرک کے ساتھ عالمی چیمپیئن ارجنٹینا کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز

زیدان اقبال کے والد کا تعلق پاکستان جبکہ والدہ کا تعلق عراق سے ہے۔ سابق مانچسٹر یونائٹیڈ مڈفیلڈر نے برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی اسپورٹ کو انٹرویو میں بتایا کہ انہیں خود بھی اس تاریخی اعزاز کا علم نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب مجھے پتا چلا کہ میں مردوں کے ورلڈ کپ میں کھیلنے والا پہلا پاکستانی نژاد فٹبالر ہوں تو میں نے فوراً یہ خبر اپنے والد کو بھیجی۔ ہم دونوں ہی حیران تھے کیونکہ عراق کے ساتھ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرتے وقت میں نے کبھی اس بارے میں نہیں سوچا تھا۔

زیدان اقبال نے اپنے والد کو اپنی زندگی اور کیریئر کی اہم ترین شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد پاکستان میں پیدا ہوئے اور انہوں نے فٹبال کے سفر میں ہر قدم پر ان کی رہنمائی کی۔

انہوں نے کہا کہ میں عراق کی نمائندگی کرتا ہوں، انگلینڈ میں پروان چڑھا ہوں، جبکہ میرے والد پاکستانی ہیں۔ اسی لیے مجھے اپنے خاندان کے پاکستانی پس منظر پر بھی فخر ہے۔

مزید پڑھیں: میسی نے ایک بار پھر سب کو پیچھے چھوڑ دیا، سالانہ 25 ملین ڈالر تنخواہ کا ریکارڈ قائم

عراقی مڈفیلڈر نے بتایا کہ وہ اپنے شوز پر عراق اور پاکستان دونوں کے جھنڈے لگاتے ہیں۔ ان کے بقول بائیں جانب عراقی اور دائیں جانب پاکستانی پرچم موجود ہوتا ہے کیونکہ وہ اپنی شناخت کے دونوں پہلوؤں کا یکساں احترام کرتے ہیں۔

زیدان اقبال کا کہنا تھا کہ جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ خود کو عراق یا پاکستان میں سے کس کے زیادہ قریب محسوس کرتے ہیں تو وہ اس کا جواب نہیں دے پاتے، کیونکہ دونوں شناختیں ان کے لیے برابر اہمیت رکھتی ہیں اور وہ ان پر فخر کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp