فاطمہ ثنا نے تاریخ رقم کر دی، ویمنز دی ہنڈرڈ کھیلنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں

جمعرات 18 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ویمنز دی ہنڈرڈ میں منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر کا اعزاز حاصل کر لیا۔

یہ بھی پڑھیں: فاطمہ ثنا کا ایک اور سنگ میل: صرف 15 گیندوں پر نصف سینچری بناکر ٹی 20 کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا

انگلینڈ کی فرنچائز برمنگھم فینکس نے جمعرات کو ہونے والے وائلڈ کارڈ ڈرافٹ میں فاطمہ ثنا کو اپنی ٹیم میں شامل کر لیا۔ انہیں آسٹریلوی کھلاڑی لوسی ہیملٹن کی دستبرداری کے بعد دستیاب ہونے والے چوتھے اوورسیز اسکواڈ مقام پر منتخب کیا گیا۔

فاطمہ ثنا کو ٹورنامنٹ کی کم از کم تنخواہ 15 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 56 لاکھ پاکستانی روپے) ملے گی تاہم پاکستان ویمن ٹیم کے 23 جولائی سے 4 اگست تک سری لنکا کے دورے کے باعث ان کی شرکت محدود رہنے کا امکان ہے۔

ان کا انتخاب ایسے وقت میں سامنے آیا جب انہوں نے ایجبسٹن میں جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

آل راؤنڈر فاطمہ ثنا نے 8ویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے 38 گیندوں پر ناقابل شکست 55 رنز بنائے جبکہ بعد ازاں 16 رنز دے کر 3 وکٹیں بھی حاصل کیں اگرچہ پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیے: فاطمہ ثنا نے ٹی 20 میں 4 کیچ لے کر بسمہ معروف کا ریکارڈ توڑ دیا

فاطمہ ثنا اس سال دی ہنڈرڈ میں معاہدہ حاصل کرنے والی تیسری پاکستانی کرکٹر ہیں۔ اس سے قبل عثمان طارق بھی برمنگھم فینکس کا حصہ بن چکے ہیں جبکہ اسرار اسپنر ابرار احمد کو مارچ میں ہونے والی نیلامی میں ایک لاکھ 90 ہزار پاؤنڈ کے عوض سن رائزرز لیڈز نے اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔

کرکٹ حلقوں کے مطابق ابرار احمد کی شمولیت کے بعد یہ خدشات بھی کم ہوئے ہیں کہ ٹورنامنٹ میں بھارتی سرمایہ کاری کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں کو نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔

وائلڈ کارڈ ڈرافٹ کے دوران ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی کئی کھلاڑیوں کو بھی مختلف فرنچائزز نے منتخب کیا۔ ہر فرنچائز نے اپنی ٹیم مکمل کرنے کے لیے 2 مرد اور 2 خواتین کھلاڑیوں کو کم از کم معاوضے پر اسکواڈ میں شامل کیا۔

مزید پڑھیں: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی

واضح رہے کہ دی ہنڈرڈ کا رواں سیزن 21 جولائی سے 16 اگست تک کھیلا جائے گا اور یہ ٹورنامنٹ کا پہلا ایڈیشن ہوگا جس میں مختلف فرنچائزز کی جزوی یا مکمل ملکیت نجی سرمایہ کاروں کے پاس ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp