راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے

ہفتہ 27 جون 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں: وینزویلا زلزلہ: ہلاکتیں ایک ہزار کے قریب، 50 ہزار افراد لاپتا

اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔ لاہور، میانوالی اور اس کے نواحی علاقوں کے علاوہ چکوال اور گردونواح میں بھی لوگوں نے زلزلے کی شدت محسوس کی۔

خیبرپختونخوا میں زلزلے سے متاثر ہونے والے علاقوں میں شانگلہ، بونیر، مردان، چارسدہ، سوات، صوابی، کوہاٹ، کرک، ملاکنڈ، باجوڑ، ہنگو، لوئر دیر اور جنوبی وزیرستان لوئر سمیت متعدد علاقے شامل ہیں۔

ادھر آزاد کشمیر میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ وادی نیلم، مظفرآباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں زمین لرزنے سے لوگ خوفزدہ ہو کر کھلے مقامات پر جمع ہوگئے۔

گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور اس کے گردونواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی، تاہم متعلقہ ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور متعدد مقامات پر لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.7 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کا مرکز افغانستان کا کوہ ہندو کش ریجن تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس کے بعد ڈپٹی کمشنر موسیٰ خیل نے بتایا کہ زلزلے سے راڑا شم کے علاقے چاپ میں 90 سے زیادہ مکانات کو نقصان پہنچا، اور دیوار یں گرنے سے 20 سے زیادہ افراد زخمی بھی ہوئے۔

مزید پڑھیں: چین کے جنوب مغربی علاقے میں زلزلہ، 2 افراد ہلاک، ہزاروں شہری محفوظ مقامات پر منتقل

دوسری جانب وینزویلا میں آنے والے تباہ کن زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے، اور بیسیوں افراد لاپتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp