یورپ کی بڑی فضائی کمپنی رائین ایئر نے والدین کو بچوں کے ساتھ مفت نشستیں فراہم کرنے کی پالیسی اختیار کر لی ہے۔ کمپنی نے یہ فیصلہ برطانوی ریگولیٹر کی جانب سے تحقیقات شروع کیے جانے کے بعد کیا، تاہم رائین ایئر نے اسے اپنی مرضی کے خلاف لیا گیا اقدام قرار دیا ہے۔
رائین ایئر نے اعلان کیا ہے کہ اب والدین اپنے 2 سے 11 سال تک کے بچوں کے ساتھ بغیر اضافی فیس کے نشست حاصل کر سکیں گے۔ نئی پالیسی کے تحت خاندانوں کو چیک اِن کے بعد خودکار طور پر ایسی نشستیں دی جائیں گی جن میں والدین اور بچے ساتھ بیٹھ سکیں گے۔
Ryanair will "reluctantly" allow parents to sit with their children for free after an investigation into the practice was opened, bringing the airline in line with European industry standards. https://t.co/ixDrZsDSJm
— FOX6 News (@fox6now) June 28, 2026
اس سے قبل رائین ایئر والدین سے ’فیملی سیٹ‘ کے نام سے اضافی رقم وصول کرتی تھی، جس کے تحت ایک بالغ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ 4 بچوں کو ساتھ بٹھانے کی سہولت دی جاتی تھی۔
برطانوی مسابقتی ادارے (کمپیٹیشن اینڈ مارکیٹس اتھارٹی) نے رائین ایئر کی اس پالیسی کی تحقیقات شروع کی تھیں اور کہا تھا کہ اضافی فیس والدین کو اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے ادائیگی پر مجبور کر سکتی ہے۔
رائین ایئر کے مطابق نئی پالیسی سے کمپنی کی آمدنی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، تاہم مسافر اگر اپنی مخصوص نشست پہلے سے منتخب کرنا چاہیں تو انہیں اب بھی فیس ادا کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:ایمیریٹس 2026 میں بھی سب سے بہترین ایئرلائن بن گئی
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو مائیکل اولیری نے کہا کہ رائین ایئر اس تبدیلی کو بے دلی سے قبول کر رہی ہے، کیونکہ ان کے بقول یورپی ریگولیٹرز نے کمپنی کو دیگر فضائی کمپنیوں کی پالیسی کے مطابق عمل کرنے پر مجبور کیا ہے۔
دوسری جانب برطانوی حکام نے کہا ہے کہ نئی پالیسی اگر قانون کے مطابق ثابت ہوئی تو یہ خاندانوں کے لیے مثبت پیشرفت ہوگی، تاہم اس سے قبل وصول کی جانے والی فیس کے معاملے کی تحقیقات جاری رہیں گی۔
رائین ایئر کا کہنا ہے کہ اس کی سابقہ پالیسی بھی تمام متعلقہ قوانین اور فضائی ضابطوں کے مطابق تھی۔













