پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کے روز کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت رجحان کے ساتھ ہوا، جہاں انڈیکس ابتدائی کاروبار کے دوران 400 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔
صبح 9 بج کر 50 منٹ پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 435.69 پوائنٹس یعنی 0.24 فیصد اضافے کے ساتھ 180,006.95 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاروں کا اعتماد اسٹاک ایکسچینج میں بہتری کا باعث، کیا معیشت مستحکم ہورہی ہے؟
مارکیٹ میں سیمنٹ، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں، بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں اور ریفائنری سیکٹر میں نمایاں خریداری دیکھنے میں آئی۔
حب پاور کمپنی، اٹک ریفائنری، ماری انرجیز، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، حبیب بینک، نیشنل بینک اور یونائیٹڈ بینک جیسے انڈیکس میں زیادہ وزن رکھنے والے شیئرز سبز زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔
PSX Opened Positive 🚀
☀️ KSE 100 opened positive by +300.94 points this morning. Current index is at 179,872.21 points (9:45 AM) pic.twitter.com/2QcArQxDgx— Investify Pakistan (@investifypk) June 29, 2026
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ مختصر 3 روزہ کاروباری ہفتے کے دوران بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا۔
مشرق وسطیٰ میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی میں کمی، مالی سال 27-2026 کے فائنانس بل میں سرمایہ کار دوست ترامیم اور ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔
مزید پڑھیں: عالمی معیشت میں بہتری: اسٹاک مارکیٹ اور سونے چاندی میں سرمایہ کاری کب کی جائے؟
ہفتہ وار مارکیٹ جائزے کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس گزشتہ ہفتے 648.50 پوائنٹس یعنی 0.36 فیصد اضافے کے ساتھ 179,571.27 پوائنٹس پر بند ہوا۔
دوسری جانب پیر کے روز ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ کشیدگی روکنے پر اتفاق کے باوجود سرمایہ کار محتاط رہے۔

جبکہ شرح سود میں مزید اضافے کی توقعات کے باعث امریکی ڈالر ایک سال کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہا۔
گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز میں ایک ایرانی میزائل کے مال بردار جہاز سے ٹکرانے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جوابی کارروائیوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا، تاہم سفارتی کوششوں کی بحالی سے خطے میں کشیدگی میں کمی کی توقع پیدا ہوئی ہے۔
امریکی ایس اینڈ پی 500 اور نیسڈیک فیوچرز میں 0.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ یورپی فیوچرز 0.2 فیصد اوپر رہے۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار، سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط
اس کے برعکس جنوبی کوریا کا کوسپی انڈیکس تقریباً 2 فیصد اور جاپان کا نکی انڈیکس ایک فیصد گر گیا، جس کے نتیجے میں ایشیا پیسیفک حصص کا ایم ایس سی آئی انڈیکس 0.4 فیصد نیچے آگیا۔
مشرق وسطیٰ میں امن معاہدے کے مستقبل سے متعلق خدشات کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔
برینٹ خام تیل 0.85 فیصد اضافے کے ساتھ 72.60 ڈالر فی بیرل جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل ایک فیصد سے زائد اضافے کے بعد 70.01 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔













