فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ناک آؤٹ مرحلے میں پیراگوئے نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی فٹبال کی بڑی طاقت جرمنی کو پینالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر فاکس بورو میں کھیلے گئے راؤنڈ آف 32 کے اس سنسنی خیز مقابلے میں مقررہ وقت اور اضافی 30 منٹ کے کھیل کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1 سے برابر تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: 3 ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ گئیں، 3 ٹیمیں ایونٹ سے باہر
جس کے بعد فیصلہ پینالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا، یہ ورلڈ کپ 2026 کا پہلا میچ تھا جس کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا۔
فیفا رینکنگ میں 37ویں نمبر پر موجود پیراگوئے نے 12ویں نمبر کی ٹیم جرمنی کے خلاف شاندار مزاحمت کی، جولیو اینسیسو نے پہلے ہاف میں پیراگوئے کو برتری دلائی۔
🚨🇵🇾 The final kick and the emotions after Paraguay beat Germany.
pic.twitter.com/49xGdGZLtR— Sports on Predict (@predictdotsport) June 29, 2026
تاہم جرمنی کے کائی ہاورٹز نے 54ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا، تاہم اضافی وقت میں دونوں ٹیمیں گول کرنے میں ناکام رہیں۔
جرمنی کا ایک گول متنازع فیصلے کے باعث فاؤل قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، جس پر کھلاڑیوں اور مبصرین میں بھی اختلافِ رائے دیکھنے میں آیا۔
مزید پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ 2026: ابتدائی 2 راؤنڈز کی وہ ٹیمیں جن کا ٹورنامنٹ میں سفر تمام ہوا
پینالٹی شوٹ آؤٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا، جرمن گول کیپر مینوئل نوئر نے 5ویں پنالٹی روک کر اپنی ٹیم کی امیدیں برقرار رکھیں۔
تاہم سڈن ڈیتھ مرحلے میں جرمنی کے جوناتھن تاہ اپنی کوشش ضائع کر بیٹھے، جس کے بعد ہوزے کینالے نے فیصلہ کن پینالٹی اسکور کر کے پیراگوئے کو تاریخی فتح دلا دی۔

4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈ کپ میں توقعات کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی، جبکہ پیراگوئے نے ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ 4 جولائی کو فرانس اور سویڈن کے درمیان ہونے والے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
اس کامیابی کے ساتھ پیراگوئے کم از کم 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی انعامی رقم کا بھی حقدار بن گیا، جبکہ جرمنی کو 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کے ساتھ ایونٹ سے واپسی کرنا پڑے گی۔














