اے آئی اور کھیلوں کا امتزاج نوجوانوں کو عالمی مواقع فراہم کرے گا، علی ڈار

بدھ 1 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت پنجاب مصنوعی ذہانت کے ذریعے کھیلوں کے شعبے کو ڈیٹا پر مبنی، اسمارٹ اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔

یہ بات وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار نے وزیر کھیل و توانائی فیصل ایوب کھوکھرسے ملاقات کے دوران کہی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا پہلا اے آئی ایبلڈ گورنمنٹ منصوبہ: پنجاب نے روڈ میپ تیار کر لیا

علی ڈار نے وزیر کھیل و توانائی سے ملاقات میں آفس آف اے آئی اور محکمہ اسپورٹس پنجاب کے درمیان مشترکہ اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پنجاب کے اسپورٹس سیکٹر میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر انضمام، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور کھیلوں کے نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ بنانے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر علی ڈار نے کہا کہ نوجوان پنجاب کا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور مصنوعی ذہانت اور کھیلوں کا امتزاج انہیں عالمی مواقع سے ہمکنار کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ کھیل کے ساتھ مل کر پنجاب کے اسپورٹس سیکٹر میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر انضمام پر کام کیا جا رہا ہے تاکہ ادارہ جاتی استعداد، شفافیت اور سروس ڈلیوری میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کو اے آئی پر مبنی جدید گورننس ماڈل میں ڈھالنے کے لیے اقدامات جاری، علی ڈار

انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے کھلاڑیوں کی ٹیلنٹ آئیڈنٹیفکیشن، کارکردگی کے تجزیے اور تربیت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا، جبکہ کھیلوں کے شعبے کو ڈیٹا پر مبنی، اسمارٹ اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔

علی ڈار کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت نوجوانوں کے لیے کھیلوں، ڈیجیٹل مہارتوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیکنالوجی اور کھیلوں کا امتزاج پنجاب کے نوجوانوں کو مستقبل کی معیشت اور عالمی مسابقت کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp