پاکستان کے معروف اور لیجنڈری گلوکار سجاد علی نے بھارتی ریئلٹی شو میں اپنے مقبول گانے ’راوی‘ کے استعمال پر جاری بحث کے حوالے سے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے۔
حال ہی میں ایک بھارتی پنجابی سنگنگ ریئلٹی شو میں دو نوجوان گلوکاروں نے سجاد علی کا مشہور گانا ’راوی‘ پیش کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ سوال اٹھایا گیا کہ سجاد علی نے ماضی میں پاکستان آئیڈل پر اپنے گانوں کے استعمال پر اعتراض کیا تھا مگر اس بار بھارتی شو کے حوالے سے خاموش کیوں ہیں۔
View this post on Instagram
سجاد علی نے انسٹاگرام پر جاری اپنے بیان میں واضح کیا کہ انہوں نے بھارتی شو کو اپنے گانے کے استعمال کی کوئی اجازت نہیں دی۔ ان کے مطابق، گانے کو بغیر اجازت بطور کور (Cover) پیش کیا گیا تاہم انہوں نے دونوں نوجوان گلوکاروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم اس معاملے کا قانونی جائزہ لے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں کاپی رائٹ قوانین کے تحت کسی بھی فنکار کے تخلیقی کام کے استعمال کے لیے مناسب اجازت اور معاوضہ ضروری ہوتا ہے۔ سجاد علی کے مطابق پاکستان آئیڈل کے حوالے سے بھی ان کا مؤقف یہی تھا کہ بڑے ٹی وی شوز اور کارپوریٹ اداروں کو فنکاروں کے حقوق کا احترام کرتے ہوئے ان کے کام کے استعمال پر معاوضہ ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ملک چھوڑا ہے، بیچا نہیں‘، سجاد علی نے بھارتی شہریت کی پیشکش ٹھکرا دی
گلوکار نے اس تاثر کی بھی تردید کی کہ وہ پاکستانی فنکاروں کو اپنے گانے گانے سے روکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد صرف اپنے قانونی اور تخلیقی حقوق کے تحفظ کے لیے ہے نہ کہ نئے گلوکاروں کی حوصلہ شکنی کے لیے۔
سجاد علی نے مزید کہا کہ متعدد بھارتی گلوکار ان کے فن کی تعریف کرتے ہیں تاہم ایسی مثبت باتوں کو عموماً وہ توجہ نہیں ملتی جو تنازعات کو دی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سجاد علی کے انکار کے بعد فلک شبیر کا بڑا اعلان، ’پاکستان آئیڈل‘ کو اپنے گانے مفت استعمال کی اجازت دیدی
سجاد علی کے بیان کو شوبز انڈسٹری اور مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ ہدایتکار احتشام الدین نے اسے ناقدین کے لیے ’بہترین جواب‘ قرار دیا جبکہ مداحوں کی بڑی تعداد کا بھی کہنا ہے کہ ہر فنکار کو اپنے تخلیقی کام کے استعمال پر مناسب معاوضہ ملنا چاہیے۔














