اینتھروپک نے محققین کے لیے ‘کلاڈ سائنس’ متعارف کرا دی، مصنوعی ذہانت سے سائنسی تحقیق میں تیزی لانے کا دعویٰ

بدھ 1 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرگرم کمپنی اینتھروپک نے سائنس دانوں اور محققین کے لیے ایک نئی اے آئی ایپلی کیشن ’کلاڈ سائنس‘ متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد سائنسی تحقیق کو زیادہ مؤثر، تیز اور آسان بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اینتھروپک کے نئے اے آئی ماڈل فَیبل 5 اور اوپس 4.8 میں کیا فرق ہے؟ ڈویلپرز کے لیے اہم نکات

یہ نیا پلیٹ فارم محققین کو تحقیق کے عمل کو بہتر بنانے، پیچیدہ ڈیٹا کا تجزیہ کرنے اور کمپیوٹنگ سے متعلق پیچیدہ کاموں کو آسان بنانے میں مدد فراہم کرے گا۔

یہ اقدام این تھروپک کے لائف سائنسز اور ہیلتھ کیئر پروگرام کا حصہ ہے جس پر کمپنی اکتوبر 2025 سے کام کر رہی ہے۔ کلاڈ سائنس بنیادی طور پر ایک ایسی ایپلی کیشن ہے جس میں سائنسی تحقیق کے دوران استعمال ہونے والے اہم ٹولز اور پیکجز پہلے سے شامل کیے گئے ہیں جبکہ یہ ضرورت کے مطابق کمپیوٹنگ وسائل تک فوری رسائی بھی فراہم کرتی ہے۔

کمپنی کے مطابق کلاڈ سائنس کو 60 سے زائد سائنسی ڈیٹا بیسز تک رسائی کے ساتھ تیار کیا گیا ہے جبکہ یہ تھری ڈی پروٹین اسٹرکچرز، جینوم براؤزر ٹریکس اور کیمیائی خاکوں سمیت مختلف سائنسی مواد کو بھی تخلیق اور پیش کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

کلاڈ سائنس کیسے کام کرتی ہے؟

اینتھروپک کے مطابق کلاڈ سائنس تحقیقی مقالوں، گرافکس اور ان کو تیار کرنے والے کوڈ کو ایک ساتھ منظم کرتی ہے۔ یہ پیچیدہ سائنسی مواد، بشمول تھری ڈی پروٹین اسٹرکچرز اور جینومک ڈیٹا، کو بصری انداز میں پیش کرتی ہے، جبکہ محققین اس اے آئی ایجنٹ کے ساتھ براہِ راست گفتگو کرکے تصاویر، تحقیقی مسودات اور دیگر سائنسی مواد پر تفصیلی رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔

مزید پڑھیے: اینتھروپک نے طاقتور اے آئی ماڈل متعارف کرا دیا، حساس شعبوں میں حفاظتی پابندیاں برقرار

کمپنی کا کہنا ہے کہ اس فیچر کی مدد سے محققین اپنے تحقیقی کام کو اشاعت کے لیے زیادہ مؤثر انداز میں تیار کر سکیں گے۔

دوسری جانب اینتھروپک نے نظرانداز کیے گئے امراض سے متعلق غیر طبی تحقیقاتی پروگرامز شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے شعبہ لائف سائنسز کے سربراہ ایرک کاؤڈیرر ایبرامز کے مطابق یہ پروگرام ان بیماریوں پر توجہ مرکوز کریں گے جنہیں روایتی فارماسیوٹیکل اور بائیوٹیک کمپنیاں تجارتی لحاظ سے زیادہ پرکشش نہیں سمجھتیں حالانکہ ان کا بوجھ عالمی سطح پر نمایاں ہے۔

کلاڈ سائنس ایپ فی الحال بیٹا ورژن میں میک او ایس اور لینکس صارفین کے لیے دستیاب ہے جبکہ اسے پرو، میکس، ٹیم اور انٹرپرائز پلانز کے صارفین استعمال کر سکتے ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ابتدائی مرحلے میں اس ٹیکنالوجی کی توجہ حیاتیات اور بایومیڈیکل تحقیق کے شعبوں پر مرکوز رہے گی۔

مزید پڑھیں: امریکی عدالت نے ٹرمپ انتظامیہ کو اینتھروپک کے خلاف کارروائی سے روک دیا

اینتھروپک کو توقع ہے کہ رواں سال کمپنی اپنی تاریخ کی پہلی منافع بخش سہ ماہی حاصل کر سکتی ہے جبکہ دواساز کمپنیوں کے ساتھ ممکنہ بڑے معاہدے اس کی مالی پوزیشن کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp