ثنا بہادر کی آسٹریلیا میں شاندار فتح، بینڈیگو اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

اتوار 16 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی اسکواش کھلاڑی ثنا بہادر نے آسٹریلیا میں پی ایس اے چیلنجر 3K بینڈیگو اوپن 2026 کا ٹائٹل جیت کر اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔ ثنا بہادر نے فائنل میں آسٹریلیا کی سابق عالمی نمبر ایک راشیل گرینہیم کو سخت مقابلے کے بعد 1-3 سے شکست دے کر ٹرافی حاصل کی۔

آسٹریلیا کے شہر بینڈیگو میں واقع بینڈیگو اسکواش سینٹر میں 13 سے 16 اگست تک ہونے والے ایونٹ کے فائنل میں ثنا بہادر نے پہلا گیم 2-11 سے ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور اگلے تینوں گیمز 11-2، 12-10 اور 11-9 سے جیت کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ فائنل صرف 26 منٹ جاری رہا۔

ٹورنامنٹ میں دوسری سیڈ ثنا بہادر نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کی شونا کوکس ایج کو 1-3 سے شکست دی تھی، جبکہ کوارٹر فائنل میں انہوں نے آسٹریلیا کی ماریا روز کلافاتس کو براہ راست تین گیمز میں شکست دی۔

فائنل کی خاص بات یہ بھی تھی کہ ثنا بہادر نے آسٹریلیا کی تجربہ کار کھلاڑی راشیل گرینہیم کو شکست دی، جو سابق عالمی نمبر ایک رہ چکی ہیں۔ گرینہیم نے سیمی فائنل میں بھارت کی پہلی سیڈ سانیا وتس کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی ماہ نور علی نے سنگاپور جونیئر اسکوائش اوپن چیمپیئن شپ جیت لی

ثنا بہادر کی یہ کامیابی ان کے کیریئر کا پہلا پی ایس اے ٹائٹل بھی قرار دی جارہی ہے۔ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے بھی ان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے اسے عالمی سطح پر پاکستان کے لیے قابلِ فخر لمحہ قرار دیا ہے۔

بینڈیگو اوپن 2026 خواتین کا ایونٹ 3 ہزار ڈالر انعامی رقم والے پی ایس اے چیلنجر ٹور کا حصہ تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp