باغبانپورہ میں اسکول کی چھت گر گئی، 10 سالہ بچہ جاں بحق، 4 مزدور زخمی

جمعرات 2 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سانحہ کاہنہ کے چند روز بعد لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں ایک نجی اسکول میں تعمیراتی کام کے دوران چھت گرنے سے 10 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ 4 مزدور زخمی ہو گئے۔ واقعے کے وقت اسکول میں سمر کیمپ جاری تھا، تاہم دیگر تمام بچے محفوظ رہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے 10 سالہ ابوبکر کی موت کی تصدیق کر دی، جبکہ زخمی مزدوروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق اسکول کی توسیع کے لیے تعمیراتی کام جاری تھا کہ اچانک چھت کا ایک حصہ منہدم ہو کر نیچے آ گرا۔ حادثے کے وقت اسکول میں سمر کیمپ جاری تھا اور متعدد بچے موجود تھے، تاہم خوش قسمتی سے ابوبکر کے علاوہ دیگر تمام بچے محفوظ رہے۔

یہ بھی پڑھیے لاہور: کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے کا واقعہ، 14 بچے جاں بحق، مالک مکان زیر حراست

واقعے کے بعد انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل لاہور کے علاقے کاہنہ میں بھی ایک ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے المناک حادثہ پیش آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق کمزور چھت پر تعمیراتی اور مرمتی کام کے دوران ضرورت سے زیادہ وزن پڑنے سے لوہے کے ٹی آر گارڈر ٹوٹ گئے تھے، جس کے باعث بھاری ملبہ نیچے موجود بچوں پر آ گرا۔ اس حادثے میں 35 بچوں میں سے 14 جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp