ایپل نے 2027 تک کم از کم 5 نئے آئی فون ماڈلز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کر لی ہے، جبکہ کمپنی اپنے پہلے فولڈ ہونے والے آئی فون کی تیاری بھی تیز کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایپل نے اپنے سپلائرز کو رواں سال تقریباً 10 ملین فولڈ ہونے والے آئی فون تیار کرنے کی ہدایت دی ہے، جو پہلے کے 7 سے 8 ملین یونٹس کے تخمینے سے زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل کے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 27 کے ممکنہ فیچرز سامنے آگئے، اے آئی پر توجہ مرکوز
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کمپنی 2026 کی دوسری ششماہی میں متعارف کرائے جانے والے نئے آئی فونز کے لیے پہلے ہی تقریباً 80 ملین ڈیوائسز کے پرزے محفوظ کر چکی ہے، جبکہ 2026 کے دوران ایپل کی مجموعی آئی فون پیداوار 220 ملین یونٹس سے تجاوز کرنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق مصنوعی ذہانت سے وابستہ بڑھتی ہوئی طلب کے باعث میموری چپس کی عالمی قلت پیدا ہو گئی ہے، تاہم ایپل اپنی مضبوط خریداری کی صلاحیت کے باعث دیگر اسمارٹ فون کمپنیوں کے مقابلے میں بہتر پوزیشن میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپل نے فولڈ ایبل آئی فون کی لانچنگ کیوں مؤخر کی؟
دوسری جانب ایک اور رپورٹ کے مطابق ایپل چین میں فروخت ہونے والے اپنے آلات کے لیے چینی کمپنیوں سے میموری چپس حاصل کرنے کے امکان پر بھی غور کر رہی ہے۔ تاہم اس حوالے سے مذاکرات جاری ہیں اور کمپنی نے تاحال اس کی تصدیق نہیں کی۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایپل 2027 کی پہلی ششماہی میں کم از کم 2 نئے آئی فون، جن میں معیاری آئی فون 18 اور نیا ہلکا آئی فون شامل ہوگا، متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔














