تاجروں کے مسائل حل کرنا حکومت کی ترجیح، برآمدکنندگان اور ایس ایم ایز کو مزید سہولیات دیں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

جمعہ 3 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے بڑے چیمبرز آف کامرس میں جا کر تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل سن رہی ہے اور ان کے حل کے لیے بھرپور دلجمعی سے کام کیا جا رہا ہے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ وفاقی بجٹ کی تیاری میں تاجروں اور صنعتکاروں کی تجاویز کو مدنظر رکھا گیا ہے، جبکہ آئندہ بجٹ کے لیے بھی ابھی سے مشاورت کا عمل شروع کیا جائے گا اور ملک بھر کے کاروباری حلقوں سے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سینٹر فار گورنمنٹ ڈیٹا اینالیٹکس کا افتتاح کر دیا

محمد اورنگزیب نے تاجروں اور چیمبرز پر زور دیا کہ وہ ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ قومی آمدن میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم ایران سے متعلق جنگی صورتحال کے باعث اس میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدکنندگان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے تاکہ ملکی برآمدات میں مزید اضافہ ہو سکے۔

مزید پڑھیں:ممکنہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کون ہیں؟

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ کاروبار کرنا نجی شعبے کا کام ہے، جبکہ سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے فنانسنگ میں مزید اضافہ کیا جائے گا تاکہ صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ مل سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp