قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کا کہنا تھا کہ جہانگیرترین کی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے ’ریٹائرمنٹ‘ کے بعد کریں گے۔
وی نیوز سے گفتگو کے دوران جہانگیرترین سے رابطوں سے متعلق پوچھے گئے سوال پر اپوزیشن لیڈرکا کہنا تھا کہ جہانگیرترین بڑے بھائی ہیں، ان کی جماعت میں شامل ہونے کا فیصلہ عہدے سے ’ریٹائرمنٹ‘ لینے کے بعد کریں گے۔
مزید پڑھیں
اپوزیشن لیڈر راجا ریاض کے مطابق موجودہ پارلیمنٹ کی مدت میں 6 ماہ تک توسیع کی آئین میں گنجائش موجود ہے جس کی وہ حمایت کریں گے۔ ’پارلیمنٹ کو توسیع دینے کے حوالے سے ابھی کوئی مشاورت نہیں ہوئی یہ میری ذاتی رائے ہے۔‘
’معاشی سسٹم کو بہتر کرنے کے لیے اگر ضرورت پڑتی ہے تو ہم اس کی حمایت کریں گے۔ اس وقت پاکستان اور ریاست سب سے زیادہ ضروری ہے اور پاکستان کو مضبوط کرنے کے لیے جو بھی گنجائش نکلے گی ہم اس کی حمایت کریں گے۔‘
بجٹ کے حوالے سے پوچھ گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے راجا ریاض نے کہا کہ انہوں نے بجٹ پر ایوان میں اپنی رائے کا دوٹوک اظہار کردیا تھا۔ ’آپ وہاں سے میری رائے دیکھ لیں۔‘