امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2026 اب اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے جہاں ناک آؤٹ مرحلے کے دلچسپ مقابلے شائقین کو سنسنی خیز لمحات فراہم کر رہے ہیں۔ گروپ مرحلے اور راؤنڈ آف 32 کے اختتام کے بعد اب دنیا کی بہترین ٹیمیں کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے کے لیے مدمقابل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ناروے کا بڑا اپ سیٹ، برازیل کو شکست دیکر پہلی بار ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف 16 کے ابتدائی مقابلوں میں کئی بڑے نتائج سامنے آئے ہیں۔ فرانس نے پیراگوئے کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جبکہ مراکش نے کینیڈا کو ہرا کر اپنی شاندار مہم کا سلسلہ برقرار رکھا۔
ایک اور بڑے اپ سیٹ میں ناروے نے طاقتور برازیل کو 2-1 سے شکست دے کر فٹبال کی دنیا کو حیران کر دیا جبکہ انگلینڈ نے ایک سنسنی خیز مقابلے میں میزبان میکسیکو کو 3-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اب راؤنڈ آف 16 کے باقی اہم مقابلوں پر دنیا بھر کے فٹبال شائقین کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔ پیر کو پرتگال اور اسپین کے درمیان ٹورنامنٹ کا ایک بڑا مقابلہ کھیلا جا رہا ہے جہاں ایک جانب 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو ممکنہ طور پر اپنے آخری ورلڈ کپ میں ایک اور یادگار کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے جبکہ دوسری جانب اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال اپنی ٹیم کو کوارٹر فائنل تک پہنچانے کے لیے میدان میں اتریں گے۔
مزید پڑھیے: 10 کھلاڑیوں پر مشتمل انگلینڈ نے میزبان میکسیکو کو 2-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی
پرتگال گروپ مرحلے میں دوسرے نمبر پر رہا تھا اور اسے راؤنڈ آف 32 میں کروشیا کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ اسپین نے اپنے گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کے بعد آسٹریا کو 3-0 سے شکست دے کر اپنی مضبوط فارم کا اظہار کیا۔
اسپین مسلسل 34 بین الاقوامی میچز میں ناقابل شکست رہنے کے بعد اس ٹورنامنٹ کی مضبوط امیدوار ٹیموں میں شمار ہو رہا ہے۔
راؤنڈ آف 16 کے دیگر میچز میں امریکا کا مقابلہ بیلجیئم سے ہوگا جبکہ ارجنٹینا مصر اور سوئٹزرلینڈ کولمبیا کے خلاف میدان میں اتریں گے۔ ان مقابلوں کے بعد ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہو جائے گی۔
کوارٹر فائنل میں اب تک کون کون پہنچا؟
اب تک کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے والی ٹیموں میں فرانس، مراکش، ناروے اور انگلینڈ شامل ہیں۔ ناروے اور انگلینڈ کے درمیان کوارٹر فائنل مقابلہ 11 جولائی کو کھیلا جائے گا جبکہ فرانس کا سامنا 9 جولائی کو مراکش سے ہوگا۔
یہ بھی پڑھیے: ’میں نے پوری کوشش کی، اب سفر ختم ہو گیا‘ نیمار کا بین الاقوامی فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
فیفا ورلڈ کپ 2026 کا فائنل 19 جولائی کو نیو یارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں دنیا کی 2 بہترین ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔














