سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے دوسری ویب سائٹس اور ایپس سے صارفین کا ذاتی ڈیٹا اکٹھا کرنے اور اسے استعمال کرنے کے حوالے سے ایک نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔
عام طور پر جب صارفین انٹرنیٹ براؤزر یا مختلف ویب سائٹس پر کسی مصنوعات کو تلاش کرتے ہیں، تو اس کے فوراً بعد اسی سے ملتے جلتے اشتہارات ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر نظر آنا شروع ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میٹا نے نیا اے آئی ٹول ’میوز امیج‘ متعارف کرا دیا، انسٹاگرام پوسٹس سے نئی تصاویر بنائی جاسکیں گی
اس عمل کو مزید وسیع کرتے ہوئے میٹا نے جولائی 2026 سے امریکہ سمیت کئی ممالک میں یہ نیا نظام لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب وہ اس ڈیٹا کو صرف اشتہارات تک محدود نہیں رکھے گی بلکہ صارف کی ہوم فیڈ پر نظر آنے والی ویڈیوز اور کمپنی کے مصنوعی ذہانت کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی استعمال کرے گی۔
اس نئی پالیسی کے تحت جب صارفین کسی دوسری شاپنگ ایپ پر کوئی چیز اپنی پسندیدہ فہرست میں شامل کریں گے یا اسے صرف دیکھیں گے، تو انسٹاگرام اس نجی سرگرمی کو بھی ریکارڈ کر لے گا۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام صارفین کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے نیا فیچر متعارف کرا دیا
تاہم کمپنی نے صارفین کو یہ نجی معلومات خفیہ رکھنے کا اختیار بھی دیا ہے، اور صارف اپنے اکاؤنٹ کی ترتیبات میں جا کر اس ڈیٹا ٹریکنگ کو مکمل طور پر روک سکتے ہیں۔
یہ بات یاد رہے کہ ٹریکنگ بند کرنے کے بعد بھی بیرونی ویب سائٹس میٹا کو ڈیٹا بھیجتی رہیں گی، لیکن انسٹاگرام اس ڈیٹا کی بنیاد پر صارف کو اشتہارات یا ویڈیوز دکھانے کا حق کھو دے گا۔














