امریکا کی ریاست فلوریڈا میں غفلت کے ایک افسوسناک واقعے میں 2 سالہ بچی شدید گرمی کے دوران تقریباً 3 گھنٹے تک گاڑی میں بند رہنے کے باعث ہلاک ہو گئی۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 2 سالہ برٹنی نکول کو اتوار کے روز اس کی والدہ کرسٹینا لوپیز ہیلینڈیل بیچ میں بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی ایک ملازمہ کے پاس چھوڑ کر اپنی ملازمت پر چلی گئی تھیں۔ والدہ کا کہنا ہے کہ اس ملازمہ کے ساتھ انہیں اس سے قبل کبھی کسی قسم کی شکایت یا مسئلہ پیش نہیں آیا تھا۔
ہیلینڈیل بیچ پولیس کے مطابق، رواں سال مئی میں اپنی دوسری سالگرہ منانے والی بچی کو 2012 ماڈل کی ہونڈا گاڑی میں تقریباً 3 گھنٹے تک تنہا چھوڑ دیا گیا۔ شدید گرمی کے باعث بچی کی حالت غیر ہو گئی، جس کے بعد اسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹر اسے بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں تاکہ غفلت کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔
بچی کی والدہ کے مطابق، بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی ملازمہ نے اس روز بچی کی ذمہ داری اپنے عمر رسیدہ والد کے سپرد کر دی تھی، جو یادداشت کی خرابی (ڈیمنشیا) میں مبتلا ہیں۔ الزام ہے کہ ملازمہ کے والد صبح تقریباً ساڑھے 9 بجے بچی کو گاڑی کی پچھلی نشست پر چھوڑ گئے اور دوپہر ایک بجے تک اسے وہیں بھولے رہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بزرگ ذہنی عارضے میں مبتلا ہیں، جبکہ بچی کی دیکھ بھال کے حوالے سے والدہ اور ملازمہ کے درمیان کوئی باضابطہ تحریری معاہدہ بھی موجود نہیں تھا۔
حکام نے بتایا کہ موجودہ شواہد کی بنیاد پر تاحال ملازمہ یا اس کے والد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید قانونی کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔














