آزاد کشمیر انتخابات کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے اور میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں کے نتائج موصول ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ اب تک 11 نشستوں کے مکمل نتائج سامنے آ چکے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 7 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے 4 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
ایل اے 5 برنالہ میں مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) وقار احمد نور اور پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف کے درمیان کانٹے دار مقابلہ جاری ہے۔ حلقے کا حتمی نتیجہ ابھی تک سامنے نہیں آیا، تاہم کرنل (ر) وقار احمد نور کو برتری حاصل ہے۔
دوسری جانب ایل اے 6 سماہنی میں ووٹ جلائے جانے کے واقعے کے باعث حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا جا سکا، تاہم وہاں بھی مسلم لیگ (ن) واضح برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: پیپلز پارٹی الزامات سے اپنی ناکامی نہیں چھپا سکتی، بلال اظہر کیانی
الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے اب تک سرکاری طور پر 3 حلقوں کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین کو اپنی آبائی نشست چڑھوئی، جاوید اقبال بڈھانوی کو کوٹلی نکیال اور ولید انقلابی کو کھوئی رٹہ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق بھی اپنی نشست نہ بچا سکے۔
ایل اے 1 ڈڈیال (میرپور)
ایل اے 1 ڈڈیال کے 193 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری اظہر صادق 15 ہزار 427 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے، جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری افسر شاہد 9 ہزار 832 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے پہلے سرکاری نتیجے کا اعلان کرتے ہوئے چوہدری اظہر صادق کی کامیابی کی تصدیق بھی کر دی۔
ایل اے 2 چکسواری/اسلام گڑھ (میرپور)
ایل اے 2 کے تمام 149 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12 ہزار 904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش چوہدری 8 ہزار 182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
آزاد امیدوار چوہدری ظفر انور ایک ہزار 40 ووٹ حاصل کرسکے۔ وہ گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر دوسرے نمبر پر رہے تھے۔
ایل اے 3 میرپور سٹی
ایل اے 3 کے تمام 161 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے یاسر سلطان 12 ہزار 590 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد سعید 11 ہزار 81 ووٹ حاصل کر سکے۔
مزید پڑھیں: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی آزاد کشمیر انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق خبر جعلی قرار دے دی
یوں سابق صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود مرحوم کے صاحبزادے اپنی نشست برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، حالانکہ ان کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کے صاحبزادے چوہدری معیز مجید بھی میدان میں تھے۔
ایل اے 4 کھڑی شریف (میرپور)
ایل اے 4 کے تمام 162 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری رخسار احمد 20 ہزار 172 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13 ہزار 865 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
چوہدری صہیب ارشد سابق وزیر حکومت چوہدری ارشد کے صاحبزادے اور یاسر سلطان کے کزن ہیں، یوں بیرسٹر سلطان خاندان کو دوسری نشست پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ایل اے 5 برنالہ (بھمبر)
ایل اے 5 کے 176 میں سے 175 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے کرنل (ر) وقار احمد نور 29 ہزار 875 ووٹ کے ساتھ آگے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری پرویز اشرف 29 ہزار 143 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ اس حلقے کا حتمی نتیجہ تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
ایل اے 6 سماہنی (بھمبر)
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری محمد رزاق 23 ہزار 923 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ آئی پی پی کے علی شان سونی 12 ہزار 492 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
ووٹ جلائے جانے کے واقعے کے باعث حتمی نتیجہ جاری نہیں کیا گیا، تاہم مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو واضح برتری حاصل ہے اور محدود دوبارہ پولنگ کی صورت میں بھی ان کی کامیابی یقینی سمجھی جا رہی ہے۔
Kashmir’s Jiyalas right now… celebrating the election results with pride, passion, and the spirit of Jeay Bhutto! ✌🏻❤️🖤💚#KashmirBhuttoKa #AJK #MirpurMainTeerChalGaya @BBhuttoZardari @BakhtawarBZ @AseefaBZ @MediaCellPPP pic.twitter.com/sQoMXkTSg0
— Junaid Saleh Jakhrejo (@JunaidsalehPPP) July 27, 2026
علی شان سونی گزشتہ 3 انتخابات مسلسل جیت چکے تھے، تاہم انہیں ووٹ جلانے اور پولنگ اسٹیشن پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ایل اے 7 بھمبر
ایل اے 7 کے تمام 237 پولنگ اسٹیشنوں کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے چوہدری طارق فاروق 35 ہزار 490 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ سابق وزیراعظم چوہدری انوار الحق 25 ہزار 100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
چوہدری انوار الحق گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے، بعد ازاں فارورڈ بلاک کا حصہ بن گئے اور اس بار آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑا۔
ایل اے 8 کوٹلی 1 راج محل
155 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19 ہزار 535 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ملک محمد نواز خان 11 ہزار 966 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات : الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق جاری کردیا، امیدواروں کے اخراجات کی حد 50 لاکھ روپے مقرر
ایل اے 9 کوٹلی 2 نکیال
تمام 178 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 31 ہزار 37 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28 ہزار 507 ووٹ حاصل کر سکے۔
اسی حلقے میں پولنگ کے دوران تصادم میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوا تھا، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے ن لیگی امیدوار پر الزام عائد کیا تھا۔
ایل اے 10 کوٹلی سٹی
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین 12 ہزار 421 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فاتح محمود الحسن 9 ہزار 63 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔
اسی حلقے میں گزشتہ روز 2 پریزائیڈنگ افسران کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
ایل اے 11 کوٹلی 4 سہنسہ
206 پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجا محمد آصف 26 ہزار 190 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21 ہزار 751 ووٹ حاصل کر سکے۔
چوہدری محمد اخلاق نے گزشتہ انتخابات میں مسلسل 6 بار کامیاب ہونے والے راجا محمد نصیر خان مرحوم کو شکست دی تھی، تاہم اس بار ان کے بھتیجے راجا محمد آصف کامیاب رہے۔
ایل اے 12 کوٹلی 5 چڑھوئی
الیکشن کمیشن کے فارم 26 کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجا ریاست خان 35 ہزار 168 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین 30 ہزار 320 ووٹ حاصل کر سکے۔
چوہدری محمد یاسین کو اپنی آبائی نشست پر شکست ہوئی، تاہم وہ کوٹلی سٹی کی نشست جیتنے میں کامیاب رہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات 2026: امیدواروں کی حتمی فہرست جاری، 45 حلقوں میں 852 امیدوار مدمقابل
ایل اے 13 کوٹلی 6 کھوئی رٹہ
غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق 193 میں سے 190 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ ہوئی جبکہ 3 پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ نہ ہو سکی۔
نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے راجا ایاز احمد خان 21 ہزار 728 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، آئی پی پی کے انصر ابدالی 15 ہزار 648 ووٹ کے ساتھ دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی کے ولید انقلابی 14 ہزار 386 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔














