وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی میزبانی کر رہا ہے، جو ملک کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔
کانفرنس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے، وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس اہم اجتماع میں او آئی سی کے 57 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانفرنس میں مختلف تکنیکی ورکنگ گروپس بھی حصہ لے رہے ہیں، اور آج ان کے تکنیکی اجلاس جاری ہیں۔
مرکزی وزارتی اجلاس کل منعقد ہوگا، جس میں مبصرین اور وزارتی وفود شرکت کریں گے۔ اعظم نذیر تارڑ نے اعلان کیا کہ اس اجلاس کے دوران کانفرنس کی چیئرمین شپ مصر سے پاکستان کو منتقل ہوگی۔
کانفرنس کا مرکزی محور خواتین کو مساوی حقوق دینا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔ اس 2 روزہ کانفرنس کے دوران خواتین کے کردار اور ترقی کا جائزہ لیا جائے گا، اور انہیں درپیش چیلنجز پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان میں خواتین کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات بھی پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کانفرنس کے اختتام پر اسلام آباد اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد میں وزارت خارجہ کے کلیدی کردار اور وزارت اطلاعات کے تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔
مزید پڑھیں:اپوزیشن کے مطالبے پر پارلیمنٹ کا ان کیمرہ سیشن بلانے پر حکومت غور کر رہی ہے، اعظم نذیر تارڑ
کانفرنس میں خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وفاقی وزیر شزا فاطمہ بھی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ میزبانی پاکستان کو پہلی بار ملی ہے، اور او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد دوسرا بڑا فورم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو دو سال کے لیے صدارت ملنے جا رہی ہے، جو پاکستان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان صدارت کی ذمہ داری کے لیے تیار ہے، ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں گے، اور خواتین کے حقوق کے ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔











