انڈونیشیا کے جزیرۂ جاوا میں ایک المناک ٹریفک حادثے میں شادی کی تقریب سے واپس آنے والے 13 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری ایک پک اپ گاڑی 2 تیز رفتار ٹرکوں کے درمیان آ کر بری طرح کچل گئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ اتوار کی دوپہر اندرمایو ریجنسی کے کیجاران کولون گاؤں کے قریب شمالی ساحلی ہائی وے پر پیش آیا۔ پک اپ میں سوار افراد قریبی گاؤں میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد اپنے گھروں کو واپس جا رہے تھے۔
مقامی ٹریفک پولیس کے سربراہ اندنگ شریف ہدایت نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق بغیر نشستوں والی پک اپ گاڑی یوٹرن لینے کے لیے ہائی وے پر آہستہ ہوئی تو پیچھے سے آنے والا ایک تیز رفتار ٹرک اس سے ٹکرا گیا۔
پولیس کے مطابق ٹرک کی شدید ٹکر کے باعث پک اپ بے قابو ہو کر مخالف لین میں جا پہنچی، جہاں سامنے سے آنے والے ایک اور تیز رفتار ٹرک نے اسے اپنی زد میں لے لیا۔ 2 بھاری گاڑیوں کے درمیان پھنسنے سے پک اپ مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار افراد کو سنبھلنے کا موقع نہ مل سکا۔
حادثے میں 13 افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 5 زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دیگر کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا میں ٹریفک حادثات ایک سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق خستہ حال سڑکیں، حفاظتی اصولوں پر مؤثر عمل درآمد کا فقدان، تیز رفتاری اور گاڑیوں میں گنجائش سے زیادہ مسافر بٹھانے جیسے عوامل ایسے حادثات کی بڑی وجوہات ہیں، جس کے باعث ملک میں ہر سال ہزاروں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔














