وزیراعظم شہباز شریف کا یو این سیکریٹری جنرل کی امیدوار سے رابطہ، یواین قراردادوں پر دیانتدارانہ عملدرآمد پر زور

بدھ 15 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی نامور امیدوار اور اقوام متحدہ میں گیانا کی مستقل مندوب کیرولن روڈریگز برکیٹ کے درمیان اہم ٹیلی فونک گفتگو ہوئی ہے، جس میں عالمی امن، اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور بین الاقوامی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اقوام متحدہ کا چارٹر اور قراردادوں پر عملدرآمد ناگزیر ہے، وزیراعظم

ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کثیر الجہتی نظام کو مضبوط بنانے کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات کو واضح کیا۔

انہوں نے زور دیا کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری ہر صورت ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں:اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی امیدوار ماریہ فرنینڈا ایسپینوسا کی وزیراعظم سے ملاقات، عالمی امن کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر دیانتداری سے عمل درآمد ہی دنیا کو بحرانوں سے نکال سکتا ہے۔

انہوں نے عالمی ترقیاتی ایجنڈے کے حصول کے لیے ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید وسیع کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

اقوام متحدہ کے امور میں پاکستان کا کردار لائقِ تحسین ہے،  کیرولن روڈریگز

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار کیرولن روڈریگز برکیٹ نے رابطہ کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی ذاتی کوششوں اور دور اندیش قیادت کو بے حد سراہا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ عالمی فورمز اور اقوام متحدہ کے امور میں پاکستان کا کردار ہمیشہ انتہائی تعمیری اور گراں قدر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp