امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اسپین اور ارجنٹینا کے درمیان کھیلے جانے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں شرکت کریں گے۔ فیصلہ کن مقابلے کے اختتام پر وہ فاتح ٹیم کو ورلڈ کپ ٹرافی بھی پیش کریں گے۔
نیو جرسی میں ہونے والے فائنل کی اختتامی تقریب میں ڈونلڈ ٹرمپ، فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے ساتھ موجود ہوں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب امریکی صدر کسی فیفا ورلڈ کپ میچ کو اسٹیڈیم میں براہِ راست دیکھیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل بھی رواں ورلڈ کپ کے دوران خبروں میں رہے تھے۔ رپورٹس کے مطابق انہوں نے امریکی فارورڈ فولارن بالوگن کو دکھائے گئے ریڈ کارڈ کی معطلی کے لیے جیانی انفانٹینو سے رابطہ کیا تھا، جس کے بعد ٹورنامنٹ کی شفافیت اور ممکنہ سیاسی اثر و رسوخ سے متعلق بحث شروع ہوگئی تھی۔
نیویارک میں فیفا کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے ورلڈ کپ 2026 کو غیر معمولی کامیابی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایونٹ ممکنہ طور پر کھیلوں کی تاریخ کے کامیاب ترین مقابلوں میں شمار ہوگا۔
ٹرمپ کے مطابق ٹورنامنٹ نے امریکا میں فٹبال کی مقبولیت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے اور شائقین کی بڑی تعداد نے مقابلوں میں دلچسپی ظاہر کی۔
امریکی صدر نے بتایا کہ ان کے 20 سالہ بیٹے بیرن ٹرمپ فٹبال کے شوقین ہیں۔ خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ اور ان کے والد وکٹر کناوس بھی صدر ٹرمپ کے ہمراہ فائنل میچ دیکھنے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوں گے۔













