حنا پرویز بٹ کی ٹک ٹاک لائیو اور فیملی وی لاگرز پر تنقید، بچوں کو ’خراب کرنے‘ کا الزام

پیر 20 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے ٹک ٹاک لائیو کرنے والوں اور فیملی وی لاگرز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے مواد سے ملک کے بچوں اور نوجوانوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سوشل میڈیا کے جہاں کئی فائدے ہیں، وہیں اس کے نقصانات بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق سب سے زیادہ نقصان دہ وہ لوگ ہیں جو فیملی وی لاگنگ اور ٹک ٹاک لائیو کے ذریعے بچوں کو متاثر کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: 2 بہنوں سے اجتماعی زیادتی کا واقعہ، ملزمان گرفتار، حنا پرویز بٹ کا نوٹس

انہوں نے ایک ٹک ٹاک صارف کی پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بعض افراد سوشل میڈیا پر غیر مناسب مواد کے ذریعے زیادہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں اور یہی چیز نوجوانوں میں راتوں رات امیر ہونے کی خواہش پیدا کر رہی ہے

پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ’آج کل ہر شخص جلد کامیاب ہونے اور شارٹ کٹ تلاش کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے سوشل میڈیا شخصیات ہیرو بن چکی ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ والدین کو بھی بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ انہیں مثبت اور تعمیری مواد تک رسائی حاصل ہو۔

یہ بھی پڑھیں: وہ کیسز جنہوں نے چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کی نیندیں اڑادیں

یہ پہلا موقع نہیں کہ حنا پرویز بٹ نے انٹرنیٹ پر موجود مواد پر اعتراض کیا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ لباس، سوشل میڈیا رویوں اور بعض ٹی وی پروگرامز سے متعلق اپنی آرا کا اظہار کر چکی ہیں۔

گزشتہ ماہ انہوں نے گلوکار فلک شبیر کی جانب سے خواتین کے لباس سے متعلق بیان پر بھی ردعمل دیا تھا۔ اس کے علاوہ ٹی وی میزبان فضا علی اور ان کے شوہر کے ایک پروگرام کے دوران پیش آنے والے واقعے پر بھی انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بڑوں کو ایسا طرز عمل اختیار کرنا چاہیے جس سے بچوں کو بہتر اخلاقی اقدار سیکھنے کو ملیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp