اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان، انڈیکس میں تقریباً 1,200 پوائنٹس کا اضافہ

منگل 21 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں کی خبروں کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں منگل کو انڈیکس میں تقریباً 1,200 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوپہر 1:30 بجے کے قریب بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 177,121.97 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو 1,194.24 پوائنٹس یعنی 0.68 فیصد اضافے کو ظاہر کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

مارکیٹ میں نمایاں خریداری آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں، آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور بجلی پیدا کرنے والے شعبوں میں دیکھی گئی۔

حب پاور، ماری انرجیز، او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ، پاکستان آئل فیلڈز، حبیب بینک، میزان بینک، مسلم کمرشل بینک اور نیشنل بینک جیسے بھاری وزن رکھنے والے حصص مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے۔

گزشتہ روز یعنی پیر کو بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج معمولی اضافے کے ساتھ بند ہوا تھا، ابتدائی اوقات میں مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شدید فروخت دیکھی گئی۔

تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں کی جانب سے بلیو چپ کمپنیوں کے شیئرز میں بھرپور خریداری کے باعث مارکیٹ نے نمایاں ریکوری کی۔

مزید پڑھیں:

پیر کو کے ایس ای 100 انڈیکس 124.95 پوائنٹس یعنی 0.07 فیصد اضافے کے بعد 175,927.74 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں بھی منگل کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا، مشرقِ وسطیٰ میں ثالثی کی کوششوں کے باعث خام تیل کی قیمتیں ایک ماہ کی بلند ترین سطح سے نیچے آگئیں، جبکہ سرمایہ کار مختلف کمپنیوں کے مالی نتائج کے منتظر ہیں۔

منگل کی ابتدائی ٹریڈنگ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 0.38 فیصد کمی کے بعد 88.88 ڈالر فی بیرل رہی۔

گزشتہ سیشن میں برینٹ خام تیل کی قیمت 91.42 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی، جو جون کے وسط کے بعد بلند ترین سطح تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp